مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی بربریت، دیر الحطب کے مقام پر مزید دو فلسطینی شہید

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک یہودی بستی دیر الحطب کے مقام پر ایک فوجی چوکی پردو فلسطینیوں کوگولی مارکر شہید کردیا۔

یہ واقعہ نابلس کے شمال میں دیر الحطب کے مقام پر پیش آیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق الون موریہ یہودی بستی کے بائی پاس روڈ پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں دو فلسطینی شہید اور ایک زخی ہوگیا۔

اسرائیلی وزیر دفاع گیلنٹ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ’’دونوں فلسطینی مسلح تھے اورانھوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کی تھی لیکن فوجیوں کے کامیاب آپریشن نے اسرائیلی شہریوں کے خلاف حملے کو روک دیا ہے‘‘۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس کے فوجیوں نے دو مسلح افراد کو جان سے ماردیا ہے۔

ادھر فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے دو فلسطینیوں کی شناخت سعودعبداللہ سعود الطیطی اور محمد غازی محمد ابو زراع کے نام سے کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق، العیث علاقے میں حشد الشعبی کی وسیع کارروائی شروع

دوسری جانب فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے بیس صیہونیت مخالف کارروائیاں انجام دی ہیں۔

نیوز ایجنسی ارنا نے تحریک مزاحمت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دھماکہ خیزمواد کے ذریعے غاصب اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے رام اللہ، نابلس، بیت المقدس، اریحا، طولکرم، قلقیلہ، جنین اور بیت لحم کارروائیاں انجام دے کر صیہونیوں کے حملوں کا جواب دیا ہے۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق فلسطینی مجاہدین کی جوابی کارروائیوں میں کم سے کم تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں اور خاص طور سے مغربی کنارے کی صورت حال خاصی دھماکہ خیز دکھائی دے رہی ہے۔

فلسطینی مجاہدین ہر ممکن طریقے سے، غاصب اسرائیلی فوجیوں کے حملوں کا جواب دے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button