عالم اسلام میں اتحاد و وحدت کی لہر سے صہیونی سخت پریشان ہیں، حسین امیر عبداللہیان
شیعیت نیوز: ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ غاصب صہیونی عالم اسلام میں اتحاد و وحدت کی لہر اور داخلی تباہی کے واضح امکانات سے سخت پریشان ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے غاصب صہیونیوں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں نہتے فلسطینی نمازیوں پر حملے میں شدت کے پیش نظر، اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ صہیونی، عالم اسلام میں اتحاد و وحدت کی لہر اور اندرونی تباہی کے واضح امکانات سے سخت پریشان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں کی جعلی اور غاصب اسرائیلی حکومت کی فورسز کی بے حرمتی اور رات گئے کے مجرمانہ حملوں سے دردناک مناظر پیدا ہوئے جو کہ یقیناً صہیونی دہشت گردوں کے غیر انسانی جرائم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی کا نتیجہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حماس رہنما کی تازہ اسرائیلی جارحیت پر روسی ایلچی سے تبادلہ خیال
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے چین میں سعودی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کی سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کافی مثبت رہی۔
رپورٹ کے مطابق حسین امیرعبداللہیان نے بیجنگ میں سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں ٹویٹر پر لکھا ہے کہ "ہم نے آج بیجنگ میں اپنے ہم منصب فیصل بن فرحان کے ساتھ ایک مثبت ملاقات اور گفتگو کی اور تہران-ریاض سفارتی تعلقات کا آغاز، حج اور عمرہ کی بحالی، اقتصادی اور تجارتی تعاون، سفارت خانوں اور قونصل خانوں کا دوبارہ کھلنا اور خطے کے استحکام، پائیدار سلامتی اور ترقی جیسے اہم اور مشترکہ ایجنڈوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یاد رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے چین میں تعینات سفیروں سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔







