اہم ترین خبریںپاکستان

فروعی اختلافات کے بجائے سینکڑوں مشترکات پر بلاتفریق فرقہ و مسلک جمع ہوکر اسلام و مسلمین کو متحد کیا جائے، علامہ ساجد نقوی

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسنؑ کی سیرت و کردار سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ہم نے بھی وطن عزیز میں اتحاد و وحدت کی جدوجہد کو آگے بڑھایا

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا حضرت امام حسنؑ کی ولادت باسعادت پر اپنے جاری بیان میں کہنا ہے کہ حضرت امام حسنؑ نے جن مشکل کٹھن اور سنگین حالات میں امت مسلمہ کو جنگ اور فساد سے بچانے اور اسلام کی بقاء کے لئے اپنے حریف سے صلح کی یہ ان کے کردار کی خصوصیت اور سیرت کا امتیاز ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسنؑ کی سیرت و کردار سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ہم نے بھی وطن عزیز میں اتحاد و وحدت کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جس سے نہ صرف ارض پاک انتشار و افتراق سے محفوظ رہا بلکہ پاکستانی عوام بھی اخوت کی لڑی میں پروئے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شیعہ علماءکونسل کے تحت خانوادہ شہداء کے اعزاز میں پر تکلف افطار ڈنر کا اہتمام

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اتحاد بین المسلمین کا فروغ اور اخوت و وحدت ہمارا دینی و اسلامی فریضہ ہے، آج کے اس کٹھن دور میں جب مسلمان فرقہ واریت، مسلک پرستی، دہشت گردی اور اخلاقی جرائم میں مبتلا ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ ان مسائل سے نبرد آزما ہونے اور اختلافات کو جڑوں سے اکھاڑنے کے لئے باہمی صلح و رواداری کو فروغ دیا جائے اور فروعی اختلافات کے بجائے سینکڑوں مشترکات پر بلاتفریق فرقہ و مسلک جمع ہوکر اسلام و مسلمین کو متحد کیا جائے، اسی سے دین اسلام مستحکم ہوگا اور مسلمان خدا کی دنیا کے وارث ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button