مشرق وسطی

بحرینی وفد ایران کا دورہ کرے گا، منامہ میں عراقی ناظم الامور کی طلبی

شیعیت نیوز: ایران اور بحرین کے درمیان تعلقات قائم کرنے کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں بحرینی وفد ایران کا دورہ کرنے والا ہے۔ دوسری طرف منامہ میں عراقی ناظم الامور کو بحرین کے دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور بحرین کے درمیان تعلقات کے قیام اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلے کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں بحرینی وفد ایران کا دورہ کرنے والا ہے۔

بعض بحرینی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ حال ہی میں ایران کے ایک وفد نے بحرین کا سفر کرکے منامہ میں ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا۔

بحرینی ذرائع نے اسپوتنک کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں اور اس سفر کے بعد ایرانی اور بحرینی حکام کے درمیان باہمی مذاکرات اور دورے شروع ہوں گے۔

اس سے قبل اسپوتنک نے بحرینی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی تھی کہ ایرانی صدر کے ممکنہ دورہ سعودی عرب کے بعد منامہ اور تہران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے مذاکرات شروع ہوں گے اور حال ہی میں ایران کے ایک وفد نے منامہ کا دورہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انصار اللہ یمن اور حزب اللہ لبنان قدس کی آزادی کیلئے کوشاں

دوسری جانب منامہ میں عراقی ناظم الامور کو بحرین کے دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

اس حوالے سے بحرین کے فارن آفس نے اعلان کیا کہ عراقی ناظم الامور موید عبدالرحمن کو سفارتی سرگرمیوں میں غفلت برتنے پر دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔

بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے بتایا کہ عراقی ناظم الامور ان کے ملک میں سفارتی آداب کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے عراقی سفارت کار کے غیر قانونی اقدام کی نوعیت کا ذکر نہیں کیا، تاہم اس بات کا حوالہ دیا ہے کہ موید عبدالرحمن کے اقدامات بحرین کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنا پر دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے اصول کے منافی ہے۔

اس سلسلے میں عبداللطیف الزیانی نے عراقی ناظم الامور کو ایک سرکاری احتجاجی نوٹ بھی پیش کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button