مشرق وسطی

ایران اور بحرین تعلقات کی بحالی پر مذاکرات کر رہے ہیں، روسی میڈیا

شیعیت نیوز: روسی خبر ایجنسی ‘اسپوتنک’ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اس وقت ایران اور بحرین کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اہم مذاکرات جاری ہیں۔

اسپوتنک نے متذکرہ ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک جو مشاورت ہوئی ہے وہ دوطرفہ سطح پر اور ثالثی کے بغیر ہوئی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ اگر تمام متنازعہ امور پر اتفاق ہو جائے تو جلد ہی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اسپوتنک کو انٹرویو دیتے ہوئے بحرینی رکن پارلیمنٹ ممدوح الصالح نے اپنے ملک اور ایران کے درمیان ہونے والی مشاورت کے نتائج کو ظاہر نہیں کیا، تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ بحرین کا دورہ کرنے والے ایرانی پارلیمانی وفد اور بحرینی فریق نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مزید افق کھولنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تعلقات کی بحالی کے لیے اچھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں بلاشبہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شامی صدر بشار اسد باضابطہ اور سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے

خیال رہے کہ بیجنگ میں کئی دنوں تک جاری رہنے والی گفت و شنید کے بعد ایران اور سعودی عرب نے جمعہ کو اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے اور اگلے دو ماہ کے اندر اپنے سفارت خانے اور سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔

بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بی این اے نے وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ بحرین نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کی ثالثی میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

بحرینی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ اختلافات کے حل، تمام علاقائی تنازعات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ختم کرنے، باہمی افہام و تفہیم کی بنیاد پر سفارتی تعلقات کے قیام، اچھی ہمسائیگی، دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت، نیز اقوام متحدہ کے چارٹر، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری کی راہ میں ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ بحرین نے سعودی عرب کے فیصلے کی پیروی کرتے ہوئے 4 جنوری 2016 کو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button