مقبوضہ فلسطین

کشیدگی میں اضافہ کیا تو دنداں شکن جواب ہوگا، حماس کا تل ابیب کو انتباہ

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ مزاحمتی محاذ ہر دور سے کہیں زیادہ صیہونیوں کی کسی بھی حماقت کا دنداں شکن جواب دینے کے لئے تیار ہے۔

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رکن حماد الرقب نے جمعرات کے روز جاری شدہ ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونیوں کی کسی بھی حماقت کی صورت میں حماس اور اس کی مسلح کمان دنداں شکن جواب دینے کے لئے تیار ہے۔

اس بیان میں آیا ہے کہ اگر مضافاتی مقبوضہ علاقوں سے غزہ پٹی کے خلاف کشیدگی میں اضافہ کیا گیا تو ایسے کسی بھی اقدام اور اس کے نتائج کے لئے تل ابیب کو ذمہ دار ٹہرایا جائے گا اور انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

حماد الرقب نے خبردار کیا کہ صیہونی دشمن بخوبی سمجھ لے کہ استقامتی تنظیمیں فلسطینی عوام کے دفاع کے لئے ہر لمحے تیار بیٹھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوجی جارحیت، جبع گاؤں میں مزید 4 فلسطینی نوجوان شہید

دوسری جانب مقبوضہ علاقوں میں صیہونیوں کی فلسطینی عوام سے دشمنی کے نت نئے پہلو سامنے آرہے ہیں ۔

تل ابیب اپنی توسیع پسندانہ پالیسی کے تحت، غرب اردن اور انیس سو اڑتالیس کی سرزمینوں میں رہنے والے فلسطینیوں کو مسلسل نشانہ بنائے ہوئے ہیں اور صیہونی فوجی، فلسطینی نوجوانوں حتی کہ بچوں کو شہید، زخمی اور گرفتار کر رہے ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک صیہونی غاصبوں نے چوہتر فلسطینی شہریوں کو شہید کیا جن میں تیرہ بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب فلسطین کے انسانی حقوق کے مرکز نے عالمی یوم نسواں کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے گذشتہ ڈھائی مہینے میں انسٹھ فلسطینی خواتین کو گرفتار کیا ہے۔

فلسطین کے انسانی حقوق کے مرکز نے یہ بھی بتایا ہے کہ سن دو ہزار بائیس کے دوران غاصب صیہونیوں نے نو فلسطینی خواتین کو شہید کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button