بابا ( شہید ڈاکٹر محمدعلی نقوی)کی شہادت سے صرف ان کی اولاد نہیں بلکہ پوری ملت یتیم ہوگئی،سیدہ زہرا نقوی
شیعیت نیوز: عاشق امام خمینی ، سفیر انقلاب ، بانی آئ ایس او پاکستان شہید ڈاکٹر محمدعلی نقوی کی 28ویں برسی کے موقع پر دختر شہید محمد علی نقوی و رہنما ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا شہید ڈاکٹر، بت شکن زمان حضرت امام خمینی رح کے سچے اور عملی جاں نثار تھے۔ وہ ایسے پاکستانی تھے جنہوں نے اپنے عمل سے انقلاب اسلامی اور نظریہ ولایت فقیہ سے اپنے اخلاص کو دوسروں پر ثابت کیا۔ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کی ذات سے ان کے عشق اور محبت کیلئے ان کی زندگی بے شمار مثالوں سے بھری پڑی ہے مکتب امام خمینی کے اس جانثار سپاہی نے وطن عزیز میں ملت تشیع کے جوانوں میں بھی تحرک و بیداری کی روح پھونکی ، استکبار و استعمار کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا سکھایا اور ہر ظالم و جابر قوت کے سامنے ڈٹ جانا سکھایا۔
یہ بھی پڑھیں: جب سے پی ڈی ایم کی حکومت آئی ہے ملک سمیت گلگت بلتستان کو بحرانوں میں دھکیلا جا رہا،صوبائی وزیر کاظم میثم
ان کا کہنا تھا کہ بابا کی شہادت سے صرف ان کی اولاد نہیں بلکہ پوری ملت یتیم ہوگئی شہید ایک مسیحا ،ہمدرد ، مونس و غمخوار اور نا امیدی و یاس میں امید کا چراغ جلانے والے تھے آپ کی شخصیت مسیحائی کا کام کرتی تھی آپ کی بلند اخلاقی صفات اور اعلی ظرفی نے نوجوانوں کو آپکا گرویدہ بنا رکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا ہمیں شہید کے افکار و نظریات کو زندہ رکھنا اور اس پر عمل پیرا ہونا ہے یہ انکے پاکیزہ لہو کا ہم پر قرض ہے اگر ہم اپنے شہدا کے بتائے ہوئے رستوں مقاومت و جدوجہد مسلسل کو فراموش کر دیں اور صرف اپنی ذاتی زندگیوں تک محدود ہوجائیں تو یقینا یہ بہت بڑی خیانت ہوگی جو ہم شہدا کے لہو سے کریں گے آج شہید کی برسی کے موقع پر خداوند عالم سے دعاگو ہیں کہ ہمیں شہدا کی طرح استقامت و مقاومت کے رستے پر چلتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین







