اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سےزخمی فلسطینی منتصر الشوا دم توڑ گیا

شیعیت نیوز: آٹھ فروری کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی نوجوان منتصر الشوا کل سوموار کی شام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ 16 سالہ منتصر محمد ذیب الشوا 8/2/2023 بدھ کو نابلس میں بزرگ شخص یوسف کے مزار پر دھاوے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا۔

بلاطہ کیمپ کی مساجد میں سوموار کی شام شہید منتصر محمد ذیب شوا کی شہادت کا اعلان کیا گیا اور افسوس کااظہارکیا گیا۔

مغربی کنارے اور یروشلم شہر میں قابض اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کے حملوں میں حال ہی میں، فاشسٹ قابض حکومت کے وزراء کی طرف سے جاری کردہ دھمکیوں اور انتہا پسندانہ فیصلوں کےبعد تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ریاستی ادارے کردار ادا کرتے توملک سے دہشتگردی ختم ہو چکی ہوتی، علامہ ریاض نجفی

منتصر الشوا کی شہادت کے ساتھ ہی قابض اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کی گولیوں اور حملوں کے نتیجے میں اس سال کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 51 ہو گئی ہے۔ ان میں 12 بچے، ایک بوڑھی خاتون اور ایک قیدی شامل ہیں جنہیں قابض ریاست کے عقوبت خانے میں شہید کیا گیا۔

فلسطین کی جہاد اسلامی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہیدوں کے خون کا انتقام لینے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ سرزمینوں سے غاصبوں کے انخلا تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

دوسری طرف قابض اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں اس کے ایک کیمپ پرنامعلوم مسلح افراد کی طرف سے فائرنگ کی گئی تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فوجی ترجمان نے کہا کہ مسلح افراد نے قلقیلیہ کے قریب کیمپ نمبر 104 کی طرف فائرنگ کی، جس سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ فوجیوں کو قریب سے گولیوں کے کارتوس ملے ہیں۔

حالیہ دنوں میں اسرائیلی جرائم میں اضافے کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں مزاحمتی کارکنوں کی طرف سے فائرنگ کے وقعات اور مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button