اہم ترین خبریںپاکستان

پاکستان امریکی غلامی میں فقیر اور ایران امریکا کی ناک رگڑ کر کامیاب رہا، مولانا حیدر عباس عابدی

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی انفجار نور سیمینار کا انعقاد جامع مسجد و امام بارگاہ باب نجف بفرزون میں کیا گیا۔

شیعیت نیوز: انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کی مناسبت سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی انفجار نور سیمینار کا انعقاد جامع مسجد و امام بارگاہ باب نجف بفرزون میں کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب مولانا سید حیدر عباس عابدی اور مولانا سید علی مرتضیٰ زیدی نے خطاب کیا، جبکہ سیمینار میں ترانہ انقلاب دستہ امامیہ کے صاحب بیاض جری سجاد نے پیش کیا۔ سیمینار میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر دیباج عابدی، نائب صدر ظفر حیدر سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطب کرتے ہوئے مولانا سید حیدر عباس عابدی نے کہا کہ دنیا میں کئی انقلابات آئے لیکن ان کے اثرات کم ہوتے گئے، لیکن انقلاب اسلامی ایران کے خطے سمیت پوری دنیا پر نورانی اثرات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی دشمن طاقتوں نے انقلاب کی کامیابی کے ساتھ ہی اس پر آٹھ سالہ بدترین جنگ مسلط کر دی تھی، تاکہ اس نور الٰہی کو بجھا دے، لیکن خدا نے اس نور کی حفاظت کی اور اس کی عالمی سطح پر نورانیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کے واقعات قوم و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، آئی ایس او

مولانا حیدر عباس عابدی نے کہا کہ ہمارا وطن عزیز پاکستان ہر قسم کی امریکی غلامی کے باوجود فقیر بن گیا، لیکن ایران نے 44 سال میں امریکا کی ناک رگڑ دی اور کامیاب رہا اور ترقی کر رہا ہے، آج دنیا سمجھ چکی ہے کہ ان کی تمام تر مشکلات کا ذمہ دار امریکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران انقلاب ایمان تھا، انقلاب اسلامی کا بنیادی ترین عامل اللہ ہر ایمان ہے، توحید اور ولایت اسی ایمان کے دو اہم ارکان ہیں، امام خمینی نے اس کا معیار کربلا کو قرار دیا، پاکستان میں ہماری تمام تر مشکلات کی وجہ ایمان کی کمی ہے، انقلاب کیلئے نعرے لگانے سے پہلے انقلاب اسلامی کا شعور پیدا کرنا ہوگا۔ انفجار نور سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی مرتضیٰ زیدی نے کہا کہ ہم انقلاب اسلامی ایران کو سنتے جانتے تو ہیں لیکن پہچانتے نہیں ہیں، اسکی معرفت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی اصلی شناخت حضرت امام خمینی کی ذات ہے، انہوں نے انقلاب اسلامی کو بیان کیا، سمجھایا اور لوگوں کے سامنے پیش کیا، انقلاب اسلامی کی معرفت کیلئے ہمیں انقلاب اسلامی سے متعلق حضرت امام خمینی کے اہداف کو دیکھنا پڑے گا، وہ اصلی ترین شناخت ہوگی، تمام نکات اسی اہم ترین نکتے کے گرد گھومتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈ بلیوایم کراچی کے وفد کی علامہ مبشرحسن کی زیر قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی سے ملاقات

مولانا علی مرتضیٰ زیدی نے کہا کہ حضرت امام خمینی کے نزدیک انقلاب اسلامی کا واحد ہدف انسانوں کو اللہ کا بندہ بنانا تھا، انقلابی وہ ہے جو اللہ کی بندگی کرتا ہے، جو جتنا زیادہ اللہ کی بندگی کرے گا، وہ اتنا زیادہ انقلابی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی حقیقی معرفت و پہچان رکھتے ہوئے شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی بلندیوں و عظمتوں پر پہنچ گئے، عوام کے اندر انقلاب اسلامی سے جو تبدیلی واقع ہونی تھی، وہ نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم انقلاب اسلامی سے کچھ سیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں حضرت امام خمینی و رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے سیکھنا چاہیئے، حقیقی بامعرفت عبادات الٰہی ہی انقلاب اسلامی کی اصل روح ہے، ہمیں حضرت امام خمینی کی حیات طیبہ سے یہ سیکھنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا انقلاب اسلامی طاغوت سے اللہ کی بندگی کی جانب انسانیت کا انقلاب تھا۔ انفجار نور سیمینار کا ختتام دعائے سلامی امام زمانہ (عج) سے کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button