صیہونی حکومت مسجد اقصیٰ کے بعض حصوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، صالح العاروی

شیعیت نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس کے پولیٹیکل آفس کے نائب سربراہ صالح العاروی نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کا ارادہ مصمم ہے اور یہ ملت اپنے حق، زمین اور مستقبل کا دفاع جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ قدس پر صیہونی قبضے تک ہمارا مقدس مشن اور جنگ جاری رہے گی۔ حماس کے رہنماء نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم ایک مقدس اور مہم جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے، جس کے لئے بین الاقوامی ماحول بھی تیار ہے، جبکہ ہم نے جہاد، مقاومت، شہادت اور دشمن کے خلاف تمام محاذوں پر فتح کے لئے عہد باندھ لیا ہے۔
صالح العاروی نے ان مجاہدین پر درود بھیجا، جن کی مقاومت کی وجہ سے غزہ آزاد ہوا اور جو قدس، مسجد اقصیٰ و تمام فلسطینیوں کی آزادی کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی صیہونی کابینہ بالکل مختلف اور ظالمانہ اقدامات کے درپے ہے۔ اس کابینہ کو بین الاقوامی تعلقات اور عالمی برادری کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی حکومت کے خلاف امریکی پابندیاں غیر قانونی ہیں، اقوام متحدہ
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ قابض صیہونی کابینہ کو بیت المقدس اور مغربی کنارے پر مکمل قبضے اور فلسطینیوں پر ناقابل تغیر جعلی حقائق مسلط کرنے سے دلچسپی ہے۔
صالح العاروی نے کہا کہ مجرم کابینہ، فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے لئے اپنے حملوں اور جرائم کو تیز کرنے کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا خیال ہے کہ اسرائیل کا مطلب مغربی کنارہ ہے اور اس لیے وہ تل ابیب، الجلیل اور النقب سے زیادہ مغربی کنارے کو اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کے ساتھ کہا کہ قابض حکومت مسجد اقصیٰ کے کچھ حصوں پر قبضہ، قدس کے مکینوں کو ان کے محلوں سے بے دخل اور دس لاکھ صیہونی آباد کاروں کو مغربی کنارے منتقل کرنا چاہتی ہے۔ اس کے لئے مذکورہ کابینہ 1948ء سے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے مکانات مسمار کرکے، ان کی شناخت اور پاسپورٹ چھین کر ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
حماس کے رہنماء نے قابضین کے خلاف قومی مقاومتی پالیسی کی بنا پر باہمی اتحاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا۔