اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں حماس کے اعلیٰ سطحی وفد کی قاہرہ آمد

شیعیت نیوز: ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ بدھ کی شام فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس” کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔
قاہرہ کے دورے پرآنے والے حماس کے اعلیٰ سطحی وفد میں تحریک کے نائب سربراہ الشیخ صالح العاروری، بیرون ملک جماعت کے سربراہ خالد مشعل، عرب اور اسلامی تعلقات کے بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ اور تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن روحی مشتحی شامل ہیں۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسماعیل ھنیہ کے دورے کا مقصدمصری قیادت سے فلسطینی عوام کے خلاف دہشت گردی میں اضافے، شہریوں کے خلاف قتل و غارت، غزہ کی پٹی میں محاصرے کی صورت حال اور اس سے نمٹنے کے طریقوں پر بات چیت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی عدالت نے مریض فلسطینی خاتون قیدی رجا کارسوع کی سزا میں توسیع کردی
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے میں حماس کا وفد مصری حکام کے ساتھ مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ میں صیہونی حکومت کے خطرناک اقدامات کے بارے میں بات چیت اور مشاورت کرنے گیا ہے۔
مذکورہ دورے سے قبل نیوز ایجنسیز نے رپورٹ دی تھی کہ حماس کا وفد سیاسی سربراہ اسماعیل ھنیہ کی سربراہی میں بدھ کو قاہرہ کا دورہ کرنے والا ہے۔ جہاں وہ مصری حکام کے ساتھ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کے بارے میں تبادلہ خیال کرے گا۔
حماس کے وفد کا حالیہ دورہ ایسے موقع پر ہوا ہے، جب کچھ ہی روز قبل جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ ’’زیاد النخالہ‘‘ قاہرہ کا دورہ اور مصری حکام سے ملاقات و مشاورت کرچکے ہیں۔
زیاد النخالہ کے دورے پر جہاد اسلامی کے ترجمان خالد البطش نے کہا ہے کہ جہاد اسلامی کے وفد اور مصری عہدیداروں کے درمیان ملاقات برادرانہ اور مثبت ماحول میں ہوئی ہے۔
خالد البطش نے مزید کہا کہ ہماری مشاورت کا محور دو بنیادی موضوعات پر تھا کہ کیسے صیہونی سخت گیر کابینہ کا مقابلہ اور فلسطین کو داخلی محاذ پر مضبوط کیا جائے۔ اس کے علاوہ فلسطینیوں کے درمیان قومی یکجہتی کی بحالی پر توجہ مرکوز کرکے قابضین کا مقابلہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔