عراق

تہران اور بغداد کے تعلقات تاریخی اور اسٹریٹجک ہیں، عراقی صدر عبداللطیف رشید

شیعیت نیوز: عراق کے صدر عبداللطیف رشید نے تہران اور بغداد کے تعلقات میں فروغ پر زور دیا ہے۔

عبداللطیف رشید نے آج ایران کے نائب وزیرخارجہ مہدی صفری اور بغداد میں ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق سے صدارتی محل میں ملاقات کی۔

انہوں نے ایران اور عراق کے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے مشترکہ تعاون کو دونوں ممالک اور عوام کے مفاد کے عین مطابق قرار دیا۔

عراق کے صدر عبداللطیف رشید نے صدر سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے دوستی اور محبت کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ایرانی ہم منصب اور ایرانی قوم کے لئے مزید ترقی اور پیشرفت کے لئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : یوکرین کے وزیر دفاع برطرف، انٹیلی جنس سربراہ قلمدان سنبھالیں گے

انہوں نے تہران اور بغداد کے مابین تعاون میں فروغ پر زور دیا اور صدام کے دور آمریت اور داعش کے سامنے عراقی عوام کی استقامت کی حمایت میں ایران کے مرکزی کردار کو سراہا۔

دریں اثنا ایران کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر مہدی صفری نے بھی عراقی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران دونوں ممالک کی مشترکہ اقتصادی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائیگا۔

یاد رہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ مہدی صفری اپنے دورہ بغداد میں ایک اعلی سطحی سفارتی اور اقتصادی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب عراقی قومی اتحاد پارٹی کے سربراہ عمار حکیم نے بغداد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کا جہاد کفائی کا فتویٰ داعش کی پیش قدمی کو روکنے اور مختلف علاقوں کو آزاد کرانے میں سب سے زیادہ کارگر ثابت ہوا ہے۔

سید عمار حکیم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی عوام اور پیغمبر اسلام (ص)کے پیروکاروں کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت کے پیروکاروں کو معاشرے کے دیگر مذاہبا ور طبقات کے ساتھ مل کر رہنا چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button