انٹنی بلنکن کا دورہ اسرائیل کی مکمل تائید کا عکاس ہے، عبدالطیف القانوع

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان عبدالطیف القانوع نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن کا حالیہ دورہ اسرائیل قابض ریاست کی مکمل حمایت اور شراکت داری کا واضح اعلان ہے۔
اپنے ایک بیان میں القانوع کا کہنا تھا کہ بلنکن کے دورے سے فاشسٹ اور انتہا پسند اسرائیلی کابینہ کو فلسطینیوں کے خلاف اپنے جارحانہ ایجنڈے کو نافذ کرنے کی ترٖغیب ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم فلسطینی عوام اور مقدسات کے خلاف اسرائیلی کابینہ کی بڑھتی ہوئی جارحیت سے خبردار کرتے ہیں اور خطے پر اس پالیسی کے مضمرات کا ذمہ دار سمجھتے ہیں‘‘۔
امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اس ہفتے اسرائیل پہنچے جہاں انہوں نے فلسطین تنازعے کے حوالے سے واشنگٹن کے واضح مؤقف کا اعادہ کیا اور صہیونی ریاست کے ساتھ ’’آہنی‘‘ عزم اور دو ریاستی حل کے متعلق بیان کی حمایت کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوجیوں کو دانستہ کار تلے کچلنے کی کارروائی میں دو زخمی
دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی حکومت کو اس حکومت کی جیلوں میں قیدیوں کے خلاف جارحیت جاری رکھنے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
فارس خبررساں ایجنسی کے بین الاقوامی ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس نے تاکید کی ہے کہ تمام جیلوں میں قیدیوں کے خلاف غاصب اسرائیلی حکومت اور اس حکومت کی جیل انتظامیہ کے حملوں میں اضافہ کبھی بھی بے جواب نہیں رہے گا۔
حماس نے قیدیوں کے خلاف ’’الدیمون‘‘ جیل میں مار پیٹ اور قیدیوں کو قید تنہائی میں منتقل کرنے کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ قیدی جیلوں کی جنگ میں تنہا نہیں ہوں گے۔
شہاب نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق حماس نے دنیا کی تمام عوامی اور آزاد فکر انجمنوں کے اراکین کو دعوت دی کہ وہ بھی قابض حکومت اور اس کے جرائم کے خلاف قیدیوں کی حمایت کریں اور اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی قوم اور اس کی مزاحمت، قیدیوں کی رہائی تک ان کے ساتھ رہیں گے۔