غاصب صیہونی حکومت فلسطینی قیدیوں سے بدسلوکی سے باز رہے، اسماعیل ہنیہ کی شدید وارننگ

شیعیت نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطہ تناو کی جانب گامزن ہے۔
فلسطینی قیدیوں سے بدسلوکی کے نتائج جیلوں تک محدود نہیں رہیں گے۔ صیہونی زندان بان بن گویر کے حکم پر فلسطینی قیدیوں سے بدسلوکی کر رہے ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کو دبانا وزیر سکیورٹی امور کی سربراہی میں نیتن یاہو کی کابینہ کی نئی پالیسی ہے۔
فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ خطہ غیر معمولی کشیدگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں ہمارے قیدیوں کے مسائل ختم ہو کر رہیں گے، کیونکہ فلسطینی قوم اپنے اسیران کو صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں تنہاء نہیں چھوڑے گی۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی شہداء کا خون آزادی کے بیج بو رہا ہے، شیخ نعیم قاسم
اسماعیل ہنیہ نے صیہونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو دبائے جانے پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ نئے صیہونی وزیر داخلہ ’’ایتمار بن گویر‘‘ کے حکم پر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز صیہونیوں نے النقب جیل کی بیرک 8 پر حملہ کیا اور جنین سے تعلق رکھنے والے بعض قیدیوں کو وہاں سے لے گئے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں نے مجدو جیل میں قید 18 قیدیوں کو عوقر جیل کے خلوت خانے میں منتقل کر دیا۔ فلسطینی قیدیوں کو دبانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
حماس کے رہنماء نے کہا کہ قیدیوں کو دبانے کی کارروائیاں نیتن یاہو کی کابینہ کے دہشت گردانہ منصوبے کا حصہ ہے، جس کی سربراہی بن گویر کر رہا ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے طنزیہ طور پر اس صیہونی فوجی کا بھی شکریہ ادا کیا، جس نے گذشتہ دنوں شعفاط میں فلسطینی بچے محمد علی کو شہید کیا۔
اسرائیلی جیلوں میں ہمارے قیدیوں پر صعوبتیں ختم ہو کر رہیں گی، کیونکہ فلسطینی قوم اپنے اسیران کو صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ لہذا تمام عالمی رہنماؤں کو بن گویر اور نیتن یاہو کی فاشسٹ کابینہ کے جرائم کو روکنے کے لیے کام کرنا چاہیئے۔
حماس کے رہنماء نے کہا کہ دنیا کو ایک حقیقی امتحان کا سامنا ہے۔