مشرق وسطی

شاہ عبدالله دوم کا دورہ قطر، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

شیعیت نیوز: اُردن کے بادشاہ عبدالله دوم نے بدھ کی شب دوحہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں فریقین نے سیاسی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا جائزہ لیا۔

اس کے علاوہ عرب دنیا کے مشترکہ مفادات، استحکام و علاقائی تعاون کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مشاورت اور ہم آہنگی پر زور دیا۔

نیز مسئلہ فلسطین سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی وزیر ایتامر بن گویر نے غزہ کو جنگ کی دھمکی دے دی

اپنی گفتگو میں اردن کے بادشاہ نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر امن کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے اور صیہونی حکومت کے تمام غیر قانونی اقدامات کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات شاہ عبدالله دوم سے دارالحکومت ’’امان‘‘ میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی میزبانی کے بعد انجام پائی۔ جس میں ملک عبداللہ دوم نے قدس شریف کی تاریخی اور قانونی صورت حال کا احترام کرنے اور اسے نقصان نہ پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس کے علاوہ اردن کے بادشاہ نے صیہونی حکومت سے جنگ بندی پر عمل کرنے اور تشدد کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ عبدالله دوم کے دورہ قطر کی زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

اس حوالے سے اردن کے ذرائع ابلاغ نے گذشتہ روز بدھ کی دوپہر اعلان کیا کہ شاہ عبداللہ دوم نے قطر کے امیر سے ملاقات کے لیے دوحہ کا سفر کیا ہے۔

موصولہ رپورٹس کے مطابق، عبداللہ دوم اس دورے کے بعد کینیڈا جانے، وہاں کے حکام سے ملاقات اور بات چیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

نیز امریکہ کا سفر اور کانگریس کی مرکزی کمیٹیوں کے ارکان سے ملاقاتیں بھی اردن کے بادشاہ کے غیر ملکی دورے کے منصوبوں کا حصہ ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button