دنیا

افغانستان میں گزشتہ 2 ہفتوں میں برف باری اور سردی سے 157 افراد جاں بحق

شیعیت نیوز: افغانستان میں شدید سردی سے ایک ہفتے کے دوران 157 افراد افراد جاں بحق ہوگئے۔

طالبان حکام نے تصدیق کی ہے کہ شدید سرد موسم کے باعث ایک ہفتے کے دوران 157 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں سرد موسم کی وجہ سے 70 ہزار سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

افغانستان میں موجودہ موسم سرما میں سردی بھی معمول سے زیادہ پڑ رہی ہے اور جنگ زدہ ملک میں امدادی کاموں کے لیے دستیاب این جی اوز نے بھی کام کرنا بند کردیا ہے۔ جس کے بعد امداد شہریوں تک نہیں پہنچ پا رہی ہے۔

افغانستان میں رواں موسم میں درجۂ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا اور معمولات زندگی معطل ہوکر رہ گئے۔ شہری گھروں میں محصور ہوگئے لیکن ٹوٹے پھوٹے گھر انھیں موسم کی سختی سے بچانے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان میں خانوادہ شہداء کے دھرنے کا دوسرا روز، شیعہ تنظیموں کے قائدین کی شرکت

افغانستان کے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے قائم مقام وزیر ملا محمد عباس اخوند نے کہا کہ برف باری کی وجہ سے افغانستان کے متعدد علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جہاں لوگوں کو نکالنے کے لیے فوجی ہیلی کاپٹر بھیجے گئے ہیں مگر کئی پہاڑی علاقوں میں ہیلی کاپٹر نیچے نہیں اتر سکتے۔

قائم مقام وزیر نے کہا کہ اگلے 10 دن تک درجہ حرارت منفی رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم انہوں نے شہریوں اور ان کے مویشیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ زیادہ تر جاں بحق ہونے والوں میں چرواہے اور دیہی علاقوں میں رہنے والے شامل ہیں جن کو طبی سہولیات تک رسائی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کے بارے میں تشویش ہے جو اب بھی پہاڑی علاقوں میں رہ رہے ہیں، پہاڑوں سے گزرنے والی زیادہ تر سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں، کاریں وہاں پھنس گئی ہیں اور درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button