بلاطہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوا، نوجوان ابو شلال شدید زخمی

شیعیت نیوز: نابلس کے مشرق میں واقع بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی قابض فوج کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں کے دوران آج صبح ایک فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
انجمن ہلالِ احمر ایمبولینس کے عملے نے گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والے 20 سالہ نوجوان کو رفیدیا ہسپتال منتقل کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کے خصوصی دستوں نے بلاطہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا اور عبداللہ ابو شلال نامی نوجوان کے گھر کو گھیرے میں لے کر مقامی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپوں کو ہوا دی۔بتایا گیا ہے کہ عبداللہ اسرائیلی قابض فوج کے مطلوب مزاحمتی جنگجوؤں میں شامل ہے۔
بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجیوں کی موجودگی میں دھماکوں کی آوازوں کے درمیان متعدد گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ شروع کر دی گئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے ابو شلال کے گھر کو شدید نقصان پہنچایا اور متعدد اشیائے ضروریہ کو ضائع کر دیا۔ تاہم ابو شلال کو گرفتار کرنے میں اسرائیلی فوج ناکام رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان کے مسلم علماء کی مجلس کا جنرل سلیمانی کی تیسری برسی کے موقع پر اجلاس کا انعقاد
دوسری جانب اسرائیلی قابض پولیس نے مسجد اقصیٰ جانے والے یہودی آبادکاروں کو باقاعدہ تحفظ فراہم کر کے مقدس جگہ تک پہنچایا۔
منگل کے روز اسرائیلی کے زیر حفاظت 164 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کا وزٹ کیا اور مسجد کے صحن میں تلمودی رسومات ادا کیں۔
اس موقع پر اسرائیلی پولیس نے اپنی بھاری نفری مسجد اقصیٰ کے دروازوں اور گردو پیش میں تعینات کیے رکھی۔ اس دوران مسلمانوں کی مسجد اقصیٰ کے صحن میں موجودگی اور مسجد کے دروازوں سے داخلہ روک دیا گیا۔
یہودی اباد کاروں کو ان کی رسومات کی ادائیگی کے بعد اسرائیلی پولیس بحفاظت واپس چھوڑ کر آئی۔