شامی سیاسی بحران کے خاتمے میں مدد پر فیصل المقداد کی جانب سےایرانی وزیرخارجہ کا شکریہ

شیعیت نیوز: ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے گزشتہ شب اپنے شامی ہم منصب فیصل المقداد کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی و بین الاقوامی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات میں مزید اضافے پر مبنی دونوں ممالک کی اعلی سیاسی قیادت کے عزم بالجزم پر تاکید کی۔
اس موقع پر شامی وزیرخارجہ فیصل المقداد نے ایران کی جانب سے شام میں دہشت گردی کے موثر مقابلے اور آستانہ مذاکرات کی کامیابی سمیت وہاں موجود سیاسی بحران کے حل و فصل میں ایران کی گرانقدر مدد پر شکریہ ادا کیا۔
اپنی گفتگو کے آخر میں شامی وزیرخارجہ نے ہمہ جہت باہمی تعلقات میں توسیع کا عزم دہراتے ہوئے مستقبل کے سیاسی انیشی ایٹوز میں بھی ایران کے جانب سے مؤثر کردار ادا کئے جانے پر تاکید کی۔
یہ بھی پڑھیں : کرسٹیانو رونالڈو کیلئے سعودی عرب میں اسلامی قوانین تبدیل
دوسری جانب شام کے نائب وزیر خارجہ اور ایرانی وزیر خارجہ کے سینئر مشیر نے علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
شامی نائب وزیر خارجہ ایمن سوسان جنہوں نے ایک وفد کی قیادت میں ایران کا دورہ کیا ہے، بروز پیر ایرانی وزیر خارجہ کے سینئر مشیر علی اصغر خاجی کے ساتھ ملاقات کی۔
فریقین نے دو طرفہ تعلقات سے متعلق تازہ ترین پیش رفت اور شام میں سیاسی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے اس ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی میدان میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
خاجی نے خارجہ تعلقات اور شام میں استحکام اور سلامتی کے لیے موجودہ مواقع کا خیرمقدم کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور شام کی تعمیر نو کے دوران حمایت جاری رکھنے کےلیے ایران کے عزم پر زور دیا۔
شامی نائب وزیر خارجہ نے بھی شام سے ایران کی حمایت کو سراہتے ہوئے اس امداد کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔