شیعہ علماءکونسل کی جانب سے ضلع عمرکوٹ میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی فراہمی
شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی، زہراء اکیڈمی کراچی کے زیر اہتمام اور ایس یو سی پاکستان صوبہ سندھ کے زیر انتظام اندرون سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں ضلع عمرکوٹ کی 4 تحصیلوں، عمرکوٹ، کنری، سامارو اور پتھورو کے 400 سیلاب متاثرہ گھرانوں کیلئے امدادی سامان تمام مسالک و مکاتب، تعلقات اور سفارش سے بالاتر ہو کر، استحقاق کے پیش نظر، مکمل عزت، احترام اور شرف کے ساتھ ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچایا گیا اور انہیں آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کا سلام اور پیغام بھی پہنچایا۔ امدادی سامان میں 400 پیکٹ اشیائے خورد و نوش، 400 عدد مچھر دانیاں۔ حالیہ سیلاب میں لاڑکانہ ڈویژن کے 2,400، سکھر ڈویژن کے 2,400، نواب شاہ ڈویژن کے 1,500، حیدرآباد ڈویژن کے 3,200 اور اب میرپور خاص ڈویژن کے 1,100 سمیت کل 10,600 متاثرہ گھرانوں تک امدادی سامان پہنچایا جا چکا ہے۔ امدادی سامان میں 10,600 پیکٹ اشیائے خورد و نوش، 10,600 عدد مچھر دانیاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سود کے خاتمے کیلئے وزراء، علماء اور ماہرین پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی قائم، کوئی شیعہ رکن شامل نہیں
روز اول سے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف آپریشن جاری و ساری ہے اور اس سلسلے میں اشیائے خورد و نوش، تبرک، خیمہ جات، ترپال(سائبان) مچھر دانیاں، میڈیکل کیمپس کا قیام، فراہمی آب، گھروں کے لئے تعمیراتی سامان کی فراہمی اور دیگر ہنگامی بنیادوں جیسے دیگر امور میں فعالیت انجام پذیر ہو رہی ہیں۔ ہم عظیم الشان قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ قائد محترم کے رضاکاروں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے رات دن سیلاب متاثرین کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے وقف کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں تک سیلابی ریلوں سے گزرتے ہوئے پہنچے اور ان تک ہر ممکن تعاون پہنچانے کیلئے زحمتوں کو خوش اخلاقی سے برداشت کیا، جبکہ یہ محترم رضاکاران اور کارکنان خود متاثرین میں سے ہیں مگر انہوں نے اپنی مشکلات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متاثرین تک پہنچنے کو فوقیت دی۔







