سود کے خاتمے کیلئے وزراء، علماء اور ماہرین پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی قائم، کوئی شیعہ رکن شامل نہیں
شیعیت نیوز: حکومت نے سود کے خاتمے اور اسلامی بینکاری کیلئے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی ہے۔جس میں شیعہ مکتب فکر سے کسی رکن کو شامل نہیں کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی کی سرپرستی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کریں گے، اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین گورنر اسٹیٹ بینک ہوں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایس ای سی پی اسٹیئرنگ کمیٹی کے رکن ہوں گے، چیئرمین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دیانت ، امانت اور صداقت قائد اعظمؒ کی شناخت تھی،علامہ احمد اقبال رضوی
وزارت خزانہ کے مطابق مولانا مفتی تقی عثمانی، مفتی ارشاد احمد اعجاز، منصورالرحمان بھی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ اس کے علاوہ اشفاق تولہ، خوزم اے حیدر موتا، سابق گورنر اسٹیٹ بینک سعید احمد کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی قانونی اور ریگولیٹری ریفارمز میں رہنمائی دے گی، کمیٹی وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے درکار اقدامات میں رہنمائی دے گی، اسٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسلامک بینکنگ اسٹیئرنگ کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزراء، ماہرین اور علمائے کرام میں سے کوئی اہل تشیع نمائندہ شامل نہیں کیا گیا۔







