عراق

تہران کا دورہ کامیاب رہا، عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی

شیعیت نیوز: عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے اپنے دورہ تہران کو کامیاب قرار دیا ہے۔

عراق کے وزیر اعظم کی حیثیت سے محمد شیاع السودانی کا پہلا ایران کا دورہ جمعرات کو مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے روضے کی زیارت کے بعد اختتام پذیر ہوا ۔

انہوں نے بغداد پہنچنے کے بعد اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ تہران کے سفر کے موقع پر انہوں نے اہم موضوعات پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے گفتگو کی اور ایران کے اعلی عہدے داروں کے ساتھ مذاکرات کئے۔

محمد شیاع السودانی نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ سیکیورٹی، اقتصاد، ثقافت اور سیاحت و زیارتی سفر کے معاملات پر ایران اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعاون پر بھی زور دیا گیا۔

یاد رہے کہ علاقے کے دوسرے ممالک کے بہ نسبت ایران اور عراق ثقافتی اور مذہبی لحاظ سے ایک دوسرے سے زیادہ قریب سمجھے جاتے ہیں ۔

پندرہ سو کلومیٹر پر مشتمل زمینی اور آبی سرحد سمیت مشترکہ نسلی، تاریخی، زبانی اور دینی اقدار نے دونوں قوموں کو ایک دوسرے سے قریب تر کردیا ہے جبکہ دونوں ممالک کی سلامتی اور مفادات کو لاحق خطروں کی جڑوں کو بھی یکساں قرار دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراقی کردستان کے علاقے اربیل میں برطانوی سیکیورٹی کمپنی کے ڈائریکٹر کا قتل

دوسری جانب عراق کے لئے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ جینن پلاسخارت نے بغداد میں ایرانی سفیر محمد کاظم آل صادق کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

عراقی ای مجلے شفق نیوز کے مطابق اس ملاقات میں محمد کاظم آل صادق و جینن پلاسخارت نے عراق کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، موجودہ عراقی حکومت کی حمایت کے رستوں اور عراقی سکیورٹی و امن و استحکام پر گفتگو کی۔ اس دوران عراق کی جانب سے خطے کے مذاکرات میں توسیع کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

اس موقع پر ایرانی سفیر محمد کاظم آل صادق نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی کے دورہ تہران کو اہم قرار دیا اور تاکید کی کہ خطے کی سکیورٹی صورتحال میں بہتری لانے کی عراقی کوششوں کی حمایت میں اقوام متحدہ کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیئے۔

عراق کے لئے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ جینن پلاسخارت نے بھی ایران و عراق کے باہمی تعاون کے مثبت اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ دونوں ممالک کا یہ باہمی تعاون پورے خطے کے استحکام کا باعث ہے جسے جاری رہنا چاہیئے!

متعلقہ مضامین

Back to top button