علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی زمان پارک لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات

29 نومبر, 2022 13:16

شیعیت نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد کی زمان پارک آمد،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات۔ ملکی سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے مابین اشتراکِ عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس نے راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے فقیدالمثال انعقاد پر چیئرمین عمران خان کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف کی سیاسی حکمتِ عملی کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان بھی کیا۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ پاکستان پیچیدہ ترین سیاسی و معاشی چیلنجز کا شکار ہے۔چیئرمین تحریک انصاف کے حقیقی آزادی کے بیانیے کو تمام مکاتبِ فکر میں غیرمعمولی قبولیت اور پذیرائی میسر ہے، فوری صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذریعے بحران کے حل کی تدبیر کے چیئرمین تحریک انصاف کے مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر تحریک انصاف کی قیادت کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکمران ہوش کے ناخن لیں دین کی مخالفت اور معاشرے میں بگاڑ کسی طور قبول نہیں کیا جائیگا،علامہ ناظر عباس تقوی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مجلسِ وحدت مسلمین سے سیاسی اشتراکِ عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حقیقی آزادی مارچ راولپنڈی میں مجلسِ وحدت مسلمین کے کارکنان و زعماء کی شرکت قابلِ تحسین ہے،فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں،تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال قومی بقاء و سلامتی کیلئے غیرمعمولی خطرات کو ہوا دے رہی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کی پائیدار بنیادوں کیلئے آئین و قانون کی بالادستی کا حصول لازمی جزو ہے، تمام شعبہ ہائے زندگی اور مکاتبِ فکر سے آگے بڑھ کر پاکستان کو دستور و قانون کی راہ پر چلانے کی تحریک میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔

 

1:06 صبح مارچ 11, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top