اپنی نسلوں کی پاکیزہ تربیت کیلئے ہمیں سیدۃ النساء العالمینؑ کے گفتار و عمل سے استفادہ کرنا ہوگا ، علامہ شبیرالحسن طاہری
شیعیت نیوز: سیدۃ النساء العالمینؑ کا عظیم کردار خواتین کے لئے مشعل راہ ہے، ہمیں اپنی نسلوں کی پاکیزہ تربیت کیلئے خاتون جنت ؑ کی ہستی کے گفتار و عمل سے استفادہ کرنا ہوگا جن کی عصمت و صداقت کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنی لاریب کتاب میں کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ شبیر الحسن طاہری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی رہنما اور سماجی کارکن ناصر حسینی کی والدہ کی پہلی برسی کے موقع پر تعزیتی اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہ عالم اسلام اس وقت یہود و نصارٰی کے نشانے پر ہے، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ہمارے نوجوانوں کو فکری طور پر یرغمال بنانے کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں، ثقافتی یلغار اور دجالی فتنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اسوہ اہلبیت اطہار علیہم السلام کو اپنانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام خصوصاً شیعیان حیدر کرارؑ ہوشیار اور بیداررہیں، طالبان کا دوبارہ حملوں کا اعلان
انہوں نے کہا کہ پاک باز معاشرے کی تشکیل کے لئے پاکیزہ تربیت اولین شرط ہے، معاشروں کی تشکیل خاندانوں کی مرہون منت ہے اور خاندانوں کی تربیت میں خواتین کے کردار کو مرکزیت حاصل ہے، استکباری طاقتوں کے سامنے جرات مندانہ اور مدلل انداز میں حق گوئی کا حوصلہ صرف انہیں حاصل ہوتا ہے جو اپنے موقف میں سچے اور اٹل ہوں، حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذات مقدسہ خواتین کے لئے وہ رول ماڈل ہے، جن سے خواتین زندگی کے تمام پہلوؤں میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ تعزیتی اجتماع میں مختلف مکاتب فکر، مذہبی، سیاسی سماجی، صحافی، ماتمی انجمنوں سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔







