امریکہ یوکرین میں اپنی بائیولوجیکل سرگرمیوں کی پردہ پوشی کرنے کے درپے، ریابکوف
شیعیت نیوز: روس کے نائب وزیر خارجہ نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ ایسی دستاویزات موجود ہیں جن سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ یوکرین میں روسی سرحدوں کے قریب بائیولوجیکل ہتھیار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رشا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ ریابکوف نے یوکرین میں بائیولوجیکل ہتھیاروں کی سرگرمیوں کے بارے میں تحقیقات کے لئے سلامتی کونسل میں روس کی جانب سے قرارداد کا مسودہ پیش کئے جانے کی راہ میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے رکاوٹ کھڑی کئے جانے پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اس مسئلے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکہ یوکرین میں اپنی بائیولوجیکل سرگرمیوں کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یوکرین میں امریکہ کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔
سابق سوویت یونین کے زوال کے بعد امریکہ نے دنیا کے بعض ملکوں منجملہ یوکرین، جارجیا، ازبکستان، آذربائیجان اور قزاقستان میں اپنے بائیولوجیکل ہتھیاروں کے تجربات کے اڈے قائم کئے ہیں جبکہ روس اور چین کی سرحدوں کے قریب اس قسم کی لیبارٹریز کا قیام نہ صرف ان دونوں ملکوں اور علاقے کی سلامتی کے منافی ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی سراسر خلاف ہے نیز بین الاقوامی سمجھوتوں منجملہ سن بہتر کے کنونشن کے بھی منافی ہے جس میں بائیولوجیکل ہتھیار بنانے اور ان کا استعمال کئے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : انور ابراہیم کو ملائیشیا کا وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے
دوسری جانب روس کا کہنا ہے یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اس کے نتائج بھی بر آمد ہو رہے ہیں۔
تاس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدارتی ہاوس کے ترجمان دیمیتری پسکوف نے کہا ہے کہ یوکرین کے خلاف خصوصی فوجی آپریشن کامیاب ہو گا۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روس کے تازہ ترین حملوں میں کم از کم سات افراد ہلاک اور پانی و بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔
یوکرینی نیشنل پولیس کے مطابق روس کی جانب سے لگاتار میزائل حملوں میں اہم یوکرینی تنصیبات سمیت پاور اسٹیشنز کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے یوکرین کے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔







