یمن جنگ طولانی ہونے کا سبب خود اقوام متحدہ ہے، مہدی المشاط
شیعیت نیوز: یمن کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے بدھ 21 ستمبر 2022ء کے روز تقریر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو یمن جنگ طولانی پکڑنے کا باعث قرار دیا ہے۔ وہ 21 ستمبر 2014ء کے انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے تقریر کر رہے تھے۔
انہوں نے اس انقلاب کو ایک دینی، قومی اور انسانی ضرورت قرار دیا اور اس کی سالگرہ پر عبدالملک الحوثی، یمن کی مسلح افواج اور دیگر تمام حکومتی اداروں کو مبارکباد پیش کی۔
مہدی المشاط نے کہا کہ یمن کے سابق حکمران اپنا کھویا ہوا اقتدار واپس لینے کیلئے بیرونی ممالک پر بھروسہ کر رہے ہیں اور انہوں نے ملک کے خلاف اقتصادی محاصرہ اور جنگ شروع کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا ان غداروں نے کبھی بھی یمن اور یمنی عوام کے حق میں اچھا نہیں سوچا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے انقلاب کو آٹھ برس گزر چکے ہیں اور یمنی عوام اب بھی اپنے اس قیام، فداکاری اور فتح پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوجی چوکی پر فلسطینی نے اپنی گاڑی قابض فوجیوں پر چڑھا دی
یمن کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کہا کہ انقلابی عوام نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے جس کا نتیجہ ایک مختلف اور ترقی یافتہ یمن کی صورت میں ظاہر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 21 ستمبر 2014ء کا انقلاب کسی غیر ملکی طاقت کی مدد سے کامیاب نہیں ہوا تھا بلکہ اس کا انحصار مکمل طور پر یمنی عوام کی عوامی طاقت پر تھا۔
مہدی المشاط نے یمن کے خلاف جنگ میں مصروف جارح قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمنی قوم سے دشمنی چھوڑ دیں اور امن اور صلح کی راہ اپنائیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے بھی حقیقی امن کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کو یمن جنگ طولانی ہونے کا باعث قرار دیا اور کہا کہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کو یمن سے متعلق اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہئے۔
بدھ 21 ستمبر 2022ء یمن میں انقلاب کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں عظیم الشان ریلیاں منعقد کی گئیں۔