مقبوضہ فلسطین

جہاد اسلامی کی عسکری ونگ سرایا القدس کی غزہ کی پٹی پر فوجی پریڈ

شیعیت نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک جہاد اسلامی کی عسکری ونگ سرایا القدس نے غزہ پٹی کے جنوب میں اپنے تمام عسکری یونٹس کے ساتھ مل کر ایک فوجی پریڈ منعقد کی۔

تفصیلات کے مطابق، گذشتہ روز غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح میں جہاد اسلامی کے عسکری ونگ سرایا القدس کی فوجی پریڈ دیکھنے میں آئی۔

فلسطینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، کل بدھ کی دوپہر ہونے والے اس فوجی مارچ میں سرایا القدس کے تمام یونٹس نے شرکت کی۔

یہ فوجی مارچ ’’رفح‘‘ شہر کے مغرب سے شروع ہو کر اسرائیل کے جواب میں حالیہ فوجی کارروائی ’’وحدہ الساحات‘‘ کے شہداء کے گھروں سے ہوتا ہوا ’’النجمہ‘‘ اسکوائر پر ختم ہوا۔

یاد رہے کہ صیہونی حکومت پانچ اگست کی دوپہر غزہ کی پٹی پر ’’آپریشن فجر‘‘ کے نام سے حملہ آور ہوئی تھی، جس کے جواب میں فلسطینی مقاومتی گروہ جہاد اسلامی نے ’’وحدہ الساحات کے نام سے صیہون مخالف فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

یہ جنگ تین دن جاری رہی، جو بالآخر سخت کوششوں اور مصر کی ثالثی کے بعد جنگ بندی کے بعد ختم ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : غرب اردن: 24 گھنٹوں میں 9 مزاحمت کارروائیاں

دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت سے وابستہ ذرائع نے غرب اردن میں مسلح جھڑپیں ہونے کی خـبر دی ہے۔

سما نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن میں جنین کے علاقے برقین میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں میں شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان جھڑپوں میں ایک صیہونی فوجی شدید طور پر زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ان دنوں غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونیوں کے درمیان براہ راست جھڑپیں ہوئی ہیں۔

غرب اردن میں تحریک مزاحمت کے جیالوں نے نابلس، جنین، القدس روڈ اور بلاطہ کیمپ میں صیہونی مخالف کاروائیوں میں ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے غاصب صیہونیوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔

گذشتہ چند ماہ کے دوران غرب اردن کے ان علاقوں میں اس قسم کی جھڑپیں مسلسل ہوتی رہی ہیں اور اس طرح کی جھڑپوں میں تیزی کا بھی مشاہدہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button