مسلکی ہم آہنگی کے قیام کیلئے پاراچنار میں شیعہ، سنی علمائے کرام کا مشترکہ جرگہ
شیعیت نیوز: محرم الحرام کے ایام میں مسلکی ہم آہنگی پیدا کرنے اور ضلع میں امن برقرار رکھنے کیلئے ڈی سی کرم کی سربراہی میں علماء کا جرگہ منعقد ہوا، جس میں اہل تشیع اور اہلسنت علماء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جرگہ میں ضلع کرم کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام، پاک فوج 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر ثاقب گلزار نے شرکت کی۔ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ضلع کرم واصل خان خٹک اور برگیڈیئر ثاقب گلزار نے کہا کہ محرم اسلامی سال کا ایک عظیم مہینہ ہے اور امام حسینؑ سے منسوب یہ مہینہ ایثار قربانی بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کو انبیاء کا وارثین قرار دیا گیا ہے لہذا معاشرے کے سدھار، دینی اخلاقی و معاشرتی مسائل میں رہنمائی کرنا ان کی ذمہ داری ہے لہذا وہ ان ایام میں منابر و مساجد سے امن و اخوت اور بھائی چارے کی تبلیغ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک الہی جماعت کو اپنے کارکنوں کی تعلیم و تربیت کو سرفہرست رکھنا چاہیے، علامہ سید احمداقبال رضوی
اس موقع پر علمائے کرام مولانا منیر حسین، مولانا سید تجمل حسین، امام مسجد مولانا محمد نقیب اور دیگر علماء نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہر مسلمان کیلئے افضل و مقدس ہے اور امام حسینؑ کسی ایک فرقے کے نہیں بلکہ تمام مسلمانوں و عالم انسانیت کے امام ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کو محرم الحرام کے دوران امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ کسی بھی قیمت پر ضلع کرم کے امن کو خراب کرنے نہیں دینگے اور نہ صرف محرم بلکہ سال کے دیگر مہینوں میں بھی وہ اپنے علاقے اور ملک کی حفاظت کیلئے پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہونگے۔ جرگہ کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔







