ایران، عراق اور شام کے مقدس مقامات کی زیارات ایمان کی ترقی کا ذریعہ ہیں، وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور
اس موقع پر گفتگو میں ایرانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ دو سال قبل قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف ایران، عراق اور پاکستان نے مشترکہ اور موثر ردعمل دی

شیعیت نیوز: وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کا بہترین ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے، اس کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ وہ مکہ مکرمہ میں قائم ایرانی امور حج کے دورے کے دوران آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے نمائندہ خاص برائے امور حج علامہ سید عبد الفتاح نواب، مدیر حج ڈاکٹر حسینی، معاون عالمی امور ڈاکٹر علی خیاط، معاون ثقافتی امور ڈاکٹر رکن الدین اور ایرانی امور حج و زیارات، عالمی امور اور ثقافتی امور کے وزراء اور معاونین سے تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایران، عراق اور شام کے مقدس مقامات کی زیارات ایمان کی ترقی کا ذریعہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی تحریک پاکستان کے وفد کی مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق سے ملاقات
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی زائرین کی سہولت کیلئے ایران سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ مفتی عبد الشکور نے کہا کہ ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جس سے زائرین کو امن و سکون اور آسانی میسر آئے۔ انہوں نے برادر اسلامی ممالک کے وفود سے باہمی ملاقاتوں کے مواقع فراہم کرنے پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے عالمی حج کی بحالی اور حجاج کیلئے بہترین انتظامات لائق صد تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین مقدسات کی توہین کے خلاف نہایت حساس ہے، ایرانی جذبہ لائق تحسین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غاصب ریاست کو مزید دوام بخشنے کیلئےامریکی صدر بائیڈن اسرائیل پہنچےہیں، علامہ ساجد نقوی
اس موقع پر گفتگو میں ایرانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ دو سال قبل قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف ایران، عراق اور پاکستان نے مشترکہ اور موثر ردعمل دیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے مشترکہ مسائل پر متفقہ لائحہ عمل وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ایرانی وفد نے کہا کہ حج امت مسلمہ کے اتحاد کا ذریعہ ہے، باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے زیارات معاہدہ کی جلد تکمیل، علما کرام اور قراء کے وفود کے تبادلوں کے لئے وزیر مذہبی امور کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی۔