شام اور روس کی ممکنہ فضائی جارحیت کے خلاف مشترکہ فضائی مشقیں

شیعیت نیوز: روس کی وزارت دفاع اور شامی فوج نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کی فضائیہ نے دشمن کے جنگی ہوائی جہازوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ فضائی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، روس اور شام نے دشمن کے لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کا مقابلہ کرنے کے لیے منگل کو مشترکہ فضائی مشق کی۔
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق، کل (بدھ) اور گذشتہ شب روس اور شامی فوج کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ تربیت کے لیے دمشق کی فضائیہ نے ماسکو فضائیہ کے تعاون سے ایک مشترکہ مشق کا انعقاد کیا، جس میں روسی جنگی جیٹ ’’سخوئی‘‘ اور شامی (MIG) لڑاکا طیاروں نے شام کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے فرضی جنگی طیاروں اور ڈرونز کا مقابلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق، اس مشق میں شامی پائلٹس نے روسی پائلٹس کے تعاون سے دشمن کے فرضی لڑاکا طیاروں کا اس طرح مقابلہ کیا کہ دشمن کے ٹھکانوں کی نشاندہی کے بعد مطلوبہ ہدف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : لبنانی سرحدی علاقے پر اسرائیلی فوجیوں کی لوگوں کو ہراساں کرنے کی کوشش
شام کے سرکاری خبر رساں ادارے نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اس مشق میں شامی فضائیہ نے پہلی بار رات کے وقت اہداف کو نشانہ بنایا، کہا کہ اس مشق میں مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں، شام کے جنوبی، مشرقی اور شمالی علاقوں پر لڑاکا طیاروں کا مشترکہ گشت بھی شامل ہے۔
رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ اس مشترکہ فضائی مشق میں شامی اور روسی فضائیہ کے درمیان بہت زیادہ ہم آہنگی تھی، روسی فضائیہ نے ‘‘Su 24M’’ ،‘‘Su 34’’ ،‘‘Su 35’’ اور شامی ائیر فورس نے ‘‘MiG 23ML’’، مگ 29 لڑاکا طیاروں کے ساتھ ان مشقوں میں حصہ لیا۔
یاد رہے کہ یہ مشق ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب اسرائیلی لڑاکا طیارے وقفے وقفے سے مشرقی اور شمال مغربی شام میں لبنانی فضائی حدود یا مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں سے اپنے اہداف پر میزائل داغتے رہتے ہیں، جبکہ لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن دستوں نے بارہا کہا ہے کہ اسرائیل روزانہ کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
دوسری جانب شامی حکومت کا بارہا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت اور اس کے علاقائی و مغربی اتحادی اُن تکفیری دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتے ہیں، جو شام میں حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں اور اس طرح کے وحشیانہ حملوں سے وہ دمشق اور اس کے اتحادیوں کے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں خلل ڈالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔