بے گناہ شیعہ جبری گمشدگان کو فی الفور رہا کیا جائے،متنازعہ نصاب تعلیم ملت جعفریہ کو کسی صورت قبول نہیں، آئی ایس او
شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام یوم حضرت علیؑ کے مرکزی جلوس کے دوران باجماعت نماز ظہرین مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔
نماز ظہرین کے دوران شرکاء نماز سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے رہنماء طارق بنگش نے کہا کہ آج یکساں قومی نصاب میں ملت جعفریہ کے تحفظات کو یکسر نظر انداز کرکے درسی کتابوں کی پرنٹنگ شروع کر دی گئی ہے اور پرائمری کلاسز میں تدریسی عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، یکساں قومی نصاب کا نعرہ لگا کر ملت جعفریہ کے حوالے سے بنایا ہوا متنازعہ نصاب تعلیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریاں شرمناک فعل ہے، اب تک پورے پاکستان سے سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان لاپتہ ہیں، یہ کیسا اندھا قانون ہے کہ ظلم بھی ہم پر ہو، ہمارے مقدسات کو نشانہ بنایا جائے اور گرفتاریاں اور پابند سلاسل بھی ہمیں کیا جائے۔







