موجودہ حالات میں ثقافتی مسائل بہت اہمیت کے حامل ہیں، آیت اللہ مکارم شیرازی

شیعیت نیوز: حضرت آیت اللہ مکارم شیرازی نے قم کے صوبائی کور کمانڈر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ثقافتی مسائل بہت اہمیت کے حامل ہیں لہٰذا انہیں مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دینے کی ضرورت ہے۔
اس مرجع تقلید نے تعلیمِ دین اور تبلیغِ اسلام کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سائبر اسپیس کے ذریعے اسلام کو پھیلانے کے لیے تمام وسائل اور ذرائع، خاص طور پر ذرائع ابلاغ اور مواصلاتی نظام کو بروئے کار لانا چاہئے۔
حضرت آیت اللہ مکارم شیرازی نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن، حوزاتِ علمیہ اور یونیورسٹیوں کی مدد سے ملکی ثقافتی صورتحال کو مزید بہتر کریں۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطین کے حالیہ واقعات مسئلہ فلسطین کے زندہ ہونے کی دلیل ہیں، رہبر معظم انقلاب
قابلِ ذکر ہے کہ اس نشست کے آغاز میں صوبہ قم کے کور کمانڈر سردار محمد رضا موحد نے سوشل کلچرل کیمپ کی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی اور اس سلسلہ میں اپنی انجام پانے والی سرگرمیوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سازمان تبلیغات کے تعاون سے ’’گرین ہاؤس‘‘ کے نام سے 75 مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کا مقصد خاندانوں کو تعلیم، اخلاقیات، اور تعلیم کے شعبوں میں نصیحت کرنے کے کے ساتھ ساتھ خاندانی مسائل کے لیے مشاورت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر ثقافت وارشاد اسلامی محمد مہدی اسماعیلی کی موجودگی میں قرآن کریم کی 29 ویں نمائش گاہ کا افتتاح ہوا۔
قرآن مجید کی نمائش گاہ کے افتتاح کے بعد ” قرآن کریم و امام کریم ” کے عنوان سے بہت بڑا سمینار منعقد کیا جائےگا جس میں ملک بھر کے مختلف صوبوں کے قرآنی اور ثقافتی اداروں کے 200 ڈائریکٹر شرکت کریں گے۔
قرآن مجید کی 29 ویں نمائشگاہ مصلی امام خمینی (رہ) میں برپا کی گئی ہے۔ قرآن مجید کی نمائشگاہ کا سلسلہ 14 رمضان المبارک سے لیکر 27 رمضان المبارک تک جاری رہےگا۔