گوش عتصیون میں ایک اور شہادت پسندانہ کارروائی، 4 صیہونی زخمی

شیعیت نیوز: صیہونی حکومت کے خبر رساں ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مغربی کنارے میں گوش عتصیون کے قریب فلسطینیوں کی شہادت کی کارروائی میں چار آباد کار زخمی ہوئے ہیں۔
عبری زبان کے نیوز چینل ’’ماکور ریشون‘‘ کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے علاقے گوش عتصیون کے قریب ایک فلسطینی نوجوان نے ایک بار پھرشہادت پسندانہ کارروائی کی اور چاقو کے پے در پے وار کئے جس سے 4 صیہونی زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ شہادت کی کارروائی کر نے والے کو صیہونیوں نے آج گوش عتصیون کے قریب گولی مار کر شہید کر دیا۔
جمعرات کے روز غرب اردن کے شمالی علاقے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے 3 فلسطینی شہید اور 7 زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : جنین میں اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں دو فلسطینی بچے شہید، 15 زخمی
اس سے قبل مشرقی تل ابیب میں ایک فلسطینی نوجوان کی شہادت پسندانہ کارروائی کے بعد صیہونی حکام میں خوف و ھراس پھیل گیا اور صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا کہ تل ابیب میں ہر کوئی خوف میں مبتلا ہے اور تل ابیب کی سڑکوں پر لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں شہادت پسندانہ کارروائی کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ اس سے الخضیرہ اور بئر السبع نامی مقبوضہ علاقوں میں صیہونی دہشتگردی سے تنگ آئے فلسطینی نوجوانوں نے شہادت پسندانہ کارروائیاں کر کے متعدد غاصبوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
گزشتہ دو ہفتوں کے واقعات کے بعد صیہونی حکام نے مقبوضہ فلسطین، تل ابیب اور غرب اردن میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے بیرون ملک سیاسی دفتر کے سربراہ نے کل اعلان کیا کہ ہم آنے والے دنوں اور رمضان کے مقدس مہینے میں حیران کن واقعات دیکھیں گے۔ اور فلسطینی عوام بالخصوص یروشلم اور الشیخ جراج کی مزاحمت دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔