مقبوضہ فلسطین

مسجد الاقصیٰ کی اہانت کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے، فوزی برہوم

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اسرائیلی پارلیمنٹ کے ایک انتہا پسند رکن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ مسجد الاقصیٰ کی اہانت کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔

اخبار ہاآرتص کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اسرائیلی پارلیمنٹ کے انتہا پسند رکن ’’ایتمار بن غفیر‘‘ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کی گئی تو اس کی ذمہ داری قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی سیکیورٹی فورسز پر عائد ہو گی۔

فوزی برہوم نے کہا کہ اسرائیل کی پولیس نے ’’ایتمار بن غفیر‘‘ کو مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کرنے کی اجازت دی ہے۔

مسجد الاقصی کے خلاف تقریبا ہر روز انجام پانے والی جارحیت و اہانت کا مقصد، بیت المقدس کو صیہونیت کا رنگ دینا، مسجدالاقصیٰ کے اسلامی ڈھانچے کو تبدیل کرنا اور وہاں کے باشندوں کو اس علاقہ چھوڑنے پر مجبور کر دینا ہے۔

صیہونی فوج نے انیس سو سڑسٹھ میں شہر بیت المقدس پر غاصبانہ قبضے کے وقت سے ہی مسجد الاقصیٰ کے ایک دروازے باب المغاربہ پر تسلط جما رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جنین شہر پر صیہونی فوجیوں کی یلغار، شہید ضیاء حمارشہ کے مکان پر دھاوا

دوسری جانب گذشتہ روز درجنوں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد قصیٰ میں گھس کر مسلمانوں کے قبلہ اوّل کی بے حرمتی کی۔

فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں درجنوں یہودی آباد کاروں، اسرائیلی طلباء اور انٹیلی جنس اہلکاروں سمیت دیگرانتہا پسندوں نے  قبلہ اوّل میں گھس کراشتعال انگیز چکر لگائے۔

کل بدھ کو اسرئیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں  دسیوں یہودیوں نے قبلہ اوّل کی بے حرمتی کی جب کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران  ایک ہزار کے قریب یہودی آباد کاروں نے قبلہ اوّل میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی تھی۔

یہودی آباد کاروں کو قبلہ اوّل پر دھاووں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے جب کہ فلسطینیوں کو قبلہ اول میں نماز کی ادائیگی سے روکنے کے لیے طاقت کے استعمال سمیت طرح طرح کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔

اس دوران اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں آنے والے فلسطینیوں کی پکڑ دھکڑ بھی جاری رکھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button