مقبوضہ فلسطین

صرف ایران ہی فلسطینی مزاحمتی محاذ کا سچا حامی ہے، حرکۃ الجہاد الاسلامی

شیعیت نیوز: فلسطینی مزاحمتی تحریک حرکۃ الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے سربراہ زیادہ النخالہ نے عربی زبان کے ای مجلے کے ساتھ گفتگو میں زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی دنیا میں ایران ہی وہ واحد ملک ہے جو فلسطینی مزاحمتی محاذ کا حقیقی پشت پناہ و حامی ہے۔

عرب ای مجلے العہد کو انٹرویو دیتے ہوئے زیاد النخالہ نے فلسطینی مزاحمتی محاذ اور خطے سمیت تازہ ترین عالمی صورتحال پر گفتگو کی۔

اپنی گفتگو کے آغاز میں انہوں نے مغربی کنارے کے اندر انجام پانے والی انفرادی استشہادی کارروائیوں، خصوصا چاقو کے ساتھ مزاحمتی حملوں کے بارے کہا کہ یہ کارروائیاں غاصب صیہونی دشمن کے خلاف فلسطینی عوامی مزاحمت کی غمازی کرتی ہیں جبکہ فلسطینی مزاحمتی گروہوں کو چاہئے کہ وہ ان کارروائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صفوں کو مزید مستحکم بنائیں اور خود کو پہلے سے بڑھ کر عوامی رنگ میں ڈھالیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ اگر آج اس نے جنگ نہ لڑی تو کل وہ زندہ نہیں بچے گی!

حرکۃ الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے سربراہ نے بعض عرب ممالک کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے کے بارے میں کہا کہ انسانی عقل و زبان، صیہونی پراجیکٹ کے سامنے نظر آنے والی عرب دنیا کی سخت ناکامی کو بیان کرنے سے عاجز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطین میں خضیرہ کے مقام پر فدائی حملہ، دو صیہونی ہلاک، 10 زخمی، حملہ آور شہید

انہوں نے کہا کہ عرب ممالک باوجود اس کے کہ یہ دیکھ رہے ہیں کہ فلسطینی عوام جدوجہد کے لئے بالکل تیار ہیں اور اس رستے میں وہ ہر روز زخمی اور قتل ہو رہے ہیں، لیکن پھر بھی وہ نہایت تحقیر آمیز طریقے سے دوسرے رستے پر چلتے ہوئے دشمن کے حلیف بن رہے ہیں!

انہوں نے اس حوالے سے شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی نشست اور وہاں نفتالی بینیٹ کے ساتھ عبدالفتاح السیسی و محمد بن زائد کی ملاقات کو ’’عربوں کی نااہلی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ عرب دنیا انتہائی بے شرمی و ڈھٹائی کے ساتھ غاصب صیہونی دشمن کے سامنے ڈھیر ہو چکی ہے اور اس نے مسئلہ فلسطین و قدس سے مکمل طور پر چشم پوشی اختیار کر لی ہے۔

زیاد النخالہ نے اپنے انٹرویو کے دوسرے حصے میں ایران کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عدالت کے علاوہ ہر چیز سے بھری اس دنیا میں صرف اور صرف ایران ہی وہ واحد ملک ہے جو فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ سے ان کا حامی و پشت پناہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بآسانی کہہ سکتے ہیں کہ ایران ہی وہ واحد ملک ہے کہ جو مسلسل فلسطینی عوام کی حمایت کی قیمت چکا رہا ہے اور اسی رستے میں اسے عالمی سطح پر پے در پے محاصروں اور سازشوں کا شکار بھی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے دشمن کے تمام اقدامات کے باوجود اپنے مؤقف میں مضبوطی برقرار رکھی ہے اور وہ ہمیشہ سے فلسطینی عوام اور ان کے مزاحمتی محاذ کا حامی رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button