یمن کی جانب سے تین روز کی یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان

شیعیت نیوز: یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ صنعا نے یکطرفہ طور پر تین روز کی جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے سعودی عرب کے خلاف ہر مورچے پر یکطرفہ طور پر تین روز کے لئے جنگ بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اگر یمنی حدود سے اپنے تمام فوجیوں کو واپس بلالیتا ہے اور یمنی عوام کا محاصرہ ختم کر دیتا ہے تو یمن کی جانب سے مستقل جنگ بندی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے سعودی اتحاد سے تمام ایسے اقدامات سے باز آجانے کا مطالبہ کیا جو امن کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کا کہنا تھا کہ کسی ملک کا محاصرہ، ایندھن کے حامل اس کے بحری جہازوں کو روک لینا اورعوام کو ابتدائی ترین انسانی حقوق سے محروم کر دینا یہ صلح و امن کے قیام کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں اور جنگ کے طولانی ہونے کی ایک بڑی وجہ یمن کا ہمہ جہتی محاصرہ ہے جس کی براہ راست ذمہ داری عالمی برادری پر عائد ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے سات سال پورے، یمن میں ملک گیر مارچ اور ریلیاں
مہدی المشاط نے اسی طرح یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے سے مطالبہ کیا کہ وہ جارح سعودی اتحاد اور یمن کے مابین جنگی قیدیوں کے تبادلے کیلئے زمین ہموار کریں۔
ساتھ ہی انہوں نے جارح ممالک کو خبردار کیا کہ یمنی عوام کی استقامت و مزاحمت کے آٹھویں سال کے دوران ملک کے دفاعی شعبے میں چونکا دینے والی خبریں منظر عام پر آئیں گی۔
یمنی عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ و جارحیت کے دوران یمن کی مسلح افواج اورعوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت و وتوانائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اس بات کو خود سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف کئے جانے والے جوابی حملوں سے بخوبی سمجھا بھی جا سکتا ہے۔