اہم ترین خبریںپاکستان

فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے بھی سانحہ پشاور کو شیعہ نسل کشی اورغیر انسانی فعل قراردےدیا

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ پاکستان کے مسلمانوں کی صفوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے اور فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دینے کے لئے استعماری و طاغوتی طاقتوں کا بہیمانہ و وحشیانہ اقدام ہے

شیعیت نیوز: فلسطین کی استقامتی تحریک حماس کے نمائندہ ڈاکٹر خالد قدومی نے امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حماس کے اداروں اور قیادت کی طرف سے کوچہ رسالدار پشاور کے المناک سانحہ پر امت واحدہ پاکستان اور پاکستانی قوم سے تسلیت و تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پرامن شہریوں کا قتل یا کسی مخصوص فرقہ کی نسل کشی ایک غیر انسانی فعل ہے،سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداء کا لہو عالمِ اسلام کا لہو ہے۔ جن انسان نما درندوں نے یہ قبیح فعل انجام دیا ہے، وہ مسلمان نہیں بلکہ کفر اور اسلام دشمن قوتوں کے نمائندہ ہیں۔ حماس شہدائے مسجد و امام بارگاہ کوچہ رسالدار کے خانوادوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور شہداء کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملی یکجہتی کونسل سندھ کے وفد کی ایم ڈبلیوایم رہنماؤں سےملاقات، سانحہ پشاور پر تعزیت اور فاتحہ خوانی

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ پاکستان کے مسلمانوں کی صفوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے اور فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دینے کے لئے استعماری و طاغوتی طاقتوں کا بہیمانہ و وحشیانہ اقدام ہے، جو کسی بھی انسان کے لئے قابلِ قبول نہیں۔ تشیع اور تسنن اسلام کے دو بازو ہیں؛ یہ مشرکین، الحادی قوتوں اور طاغوتی حکمرانوں کی سازش ہے کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دونوں مکاتب فکر کو آپس میں دست و گریباں کریں۔ امتِ مسلمہ نے اپنی مشترکہ قوت کے ذریعہ ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔

ڈاکٹر خالد قدومی نے فلسطینی اتھارٹی اور حماس کی طرف سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے عنقریب پاکستان کے دورے کی نوید بھی سنائی، تاکہ فلسطینی و پاکستانی مسلمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے حوالہ سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور مل کر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button