امریکی فوجیوں کے ہاتھوں مشرقی شام میں البورحمہ قبیلے کے ممتاز رہنماء قتل
شیعیت نیوز: امریکی فوجیوں نے گذشتہ روز شام میں دیر الزور کے علاقے ’’الدحلہ‘‘ میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک آپریشن کیا اور اس کے بعد البورحمہ قبیلے کے ایک ممتاز رہنماء کو قتل کر دیا۔
فارس نیوز کے انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق، امریکی دہشت گرد فورسز، کرد ملیشیا، جو ’’سیرین ڈیموکریٹک فورسز‘‘ کے نام سے معروف ہے، کے ساتھ ملکر شام کے مشرقی علاقوں میں عام شہریوں پر اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شام کے مشرق میں واقع صوبہ دیر الزور کے مقامی ذرائع نے خبر رساں ادارے اسپوتنیک کو بتایا کہ امریکی فوجیوں نے دیر الزور کے علاقے ’’الدحلہ‘‘ میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشن کیا اور اس کے بعد البورحمہ قبیلے کے ممتاز رہنماء کو قتل کر دیا۔ ان ذرائع کے مطابق ابراہیم خلیل العمار ، البورحمہ قبیلے کے سربراہ ایک امریکی آپریشن میں مارے گئے ہیں۔
یاد رہے البورحمہ صوبہ دیر الزور کے اہم ترین قبیلے ’’البکارہ‘‘ کی ایک شاخ ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کرد ملیشیا کی 12 بکتر بند گاڑیوں نے بھی العمارکے گھر پر آپریشن میں حصہ لیا، امریکی فوجیوں نے العمار کے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جو دیر الزور میں گندم اور جو کا تاجر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عرب پارلیمنٹ میں فلسطینی اسیران کامعاملہ عالمی سطح پر اٹھانےکی قرارداد منظور
امریکی فوجیوں کے اس اقدام کے بعد،الدحلہ اور اس کے گرد و نواح میں واقع دیہاتوں کے ساکنین میں امریکہ کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ امریکہ سے لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ العمار، البکارہ قبیلے کے نشانہ بننے والے دوسرے بڑے رہنماء ہیں۔
یاد رہے کہ پچھلے سال اسی قبیلے کےعلی الویس نامی رہنماء بھی نامعلوم دہشت گردوں کے ہاتھوں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔
دریں اثناء امریکہ سے وابستہ عناصر نے مشرقی شام میں قبائل کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے نہروں کی گزرگاہوں کو بند کر دیا ہے، یہ راستے امریکہ کے زیر قبضہ علاقوں کو شامی حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں سے جوڑتے ہیں۔ مزاحمتی قوتوں کے بڑھتے ہوئے اقدامات اور مشرقی شام میں امریکی دہشت گرد افواج کے خلاف کارروائیوں میں تیزی کیوجہ سے واشنگٹن مزاحمتی فورسز سے خطرہ محسوس کر رہا ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ امریکہ، شام کے ان مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں پر قابض ہے، جہاں تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں اور وہ اپنے ساتھ وابستہ کرد ملیشیا کی مدد سے شامی وسائل کو لوٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔







