یمنی عوام کا سعودی وزارت مواصلات پر حملے کا مطالبہ

شیعیت نیوز: جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کی وزارت مواصلات پر حملے کے ردعمل میں، بہت سارے یمنی انٹرنیٹ صارفین نے وزارت مواصلات سعودی عرب کا نقشہ جاری کرتے ہوئے اس پر جوابی حملے کا مطالبہ کر دیا۔
یمنی صارفین نے ٹویٹر پر اپنے ملک کی وزارت مواصلات پر سعودی اتحادیوں کے حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، اپنی فوج اور عوامی رضاکار فورس انصار اللہ خصوصاً میزائل اور ڈرونز یونٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ عرب امارات اور سعودی عرب سے اس جارحیت کا بدلہ لیں۔
کچھ صارفین نے فوجی اڈوں اور ائیر پورٹس جبکہ بعض نے سعودی وزارت مواصلات کا نقشہ جاری کرتے ہوئے اس پر حملے کا مطالبہ کیا۔
یمن میں انصار اللہ کی اطلاعات کے سربراہ نصر الدین عامر نے اپنے آفیشل اکاونٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک اہم اور خدمات فراہم کرنے والی وزارت جو کہ مفاد عامہ سے متعلق ہے، یعنی وزارت مواصلات پر حملہ، ایک بہت بڑا جرم اور حملوں میں شدت لانا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سربراہی میں عربی اتحاد نے حال ہی میں صوبہ ’’الحدیدہ‘‘ میں بین الاقوامی انٹرنیٹ سروس کو نشانہ بنایا اور وہ ہمیشہ ٹرانسمیٹر اسٹیشنز کو نشانہ بناتے ہیں، جو یہ ثابت کرتا ہے کہ عوامی خدمات فراہم کرنے والے مراکز بالخصوص انٹرنیٹ سروس اسٹیشنز اور مواصلات پر یہ جارحین جان بوجھ کر حملے کر رہے ہیں۔
دوسری جانب جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں منجملہ دارالحکومت صنعا پر بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے منگل کو دارالحکومت صنعا اور صوبہ تعز کے مختلف رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔
اس سے قبل یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے پیر کو کہا تھا کہ جارح سعودی اتحاد کا یہ دعوی بالکل غلط ہے کہ یمنی فوج، فوجی اہداف کے لئے غیرفوجی علاقوں کو استعمال کر رہی ہے اور اس کے اس دعوے کا مقصد یمن کے شہری علاقوں اور غیر فوجی مراکز پر اپنے حملوں کا جواز پیش کرنا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ جارح اتحاد، یمن کے شہری اور غیر فوجی مراکز پر حملے کر کے ملت یمن کے عزم کو کمزور کرنے کا مقصد حاصل نہیں کر پائے گا اور ان حملوں کا جواب ضرور دیا جائے گا۔