عراق کے مختلف علاقوں میں 30 داعشی دہشت گرد ہلاک

شیعیت نیوز: عراقی فوج نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے 30 داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔
آناتولی نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف نے اعلان کیا کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے گذشتہ دس دنوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 30 داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے اور ان کارروائیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
قیس خلف رحیمہ نے اعلان کیا کہ گذشتہ پینتالیس دنوں کے دوران عراق کے مختلف علاقوں میں انجام دی جانے والی کارروائیوں میں ساٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ حالیہ ہفتوں کے دوران عراق کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں داعش کے باقیات کے حملے بڑھ گئے ہیں۔
عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے اعلان کے باوجود اس دہشتگرد گروہ کے باقیات مسلسل موجود ہیں اور کبھی کبھی کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔ عراقی فوج اور رضاکار فورس حشد الشعبی نے ملک کو داعش دہشت گرد گروہ کے وجود سے پاک کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں متعدد کارروائیاں انجام دی ہیں اور انسداد دہشت گردی کی ان کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بحرین اور صیہونی حکومت کے درمیان فوجی تعاون معاہدے پر دستخط
عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے انٹیلیجنس ادارے نے داعش کے خلاف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد کو دہشت گردوں کے اڈوں کی بالکل دقیق اطلاع فراہم کی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی رسول نے جمعے کو کہا کہ فرداس کے لقب سے معروف امیرمحمد سعید نامی دہشت گرد کو ہلاک کرنے کی کارروائی عراق کی قومی انٹیلیجنس ایجنسی کی جانب سے امریکہ کی سربراہی میں نام نہاد دہشت گردی مخالف اتحاد کو بالکل صحیح اطلاع فراہم کئے جانے کے بعد انجام پائی ہے اور عراقی انٹیلیجنس ادارے کی اطلاعات کی بنیاد پر ہی اس کے ٹھکانے کا پتہ لگایا گیا اور اسے ہلاک کیا گیا۔
درایں اثنا عراق کے مشترکہ آپریشنل کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر عبدالامیر الشمری نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شمال مغربی شام میں داعش کے سرغنہ کی ہلاکت اس دہشت گرد گروہ سے عراقی سیکورٹی اہلکاروں کے قصاص و انتقام کا تسلسل شمار ہوتا ہے۔
اس سے قبل عراق کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ دہشت گردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے-
امریکی صدر جوبائیڈن نے جمعرات کو ایک بیان میں جو وائٹ سے جاری کیا گیا ، اعلان کیا تھا کہ داعش کا ایک اہم سرغنہ شمال مغربی شام میں امریکی فوج کی کارروائی میں ہلاک ہوگیا ہے۔