لاہور میں علامہ سید صفدر حسین نجفی کی برسی کی تقریب
شیعیت نیوز: لاہور کی محمدی مسجد میں مفسر قرآن، ممتاز عالم دین علامہ سید صفدر حسین نجفی کی برسی کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔
سیمینار سے علامہ محمد افضل حیدری، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر گیلانی، سید نثار علی ترمذی، انجم رضا عابدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی، افسر رضا خان، احمد رضا خان سمیت دیگر رہنماوں اور عمائدین نے شرکت کی۔
مقررین علامہ سید صفدر حسین نجفی کی ملی خدمات اور قرآنیات کے فروغ میں ان کی کاوشوں کو سراہا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان میں دینی مدارس کا قیام علامہ صفدر حسین نجفی کا کارنامہ ہے جبکہ قوم کو سنے سنائے دین کی بجائے فکری و نظریاتی دین کی طرف بھی انہوں نے ہی راغب کیا اور پاکستان میں کتاب بینی کو فروغ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سری لنکن شہری کا بہیمانہ قتل، سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کی جائیگی، جنرل قمر باجوہ
دوسری جانب مدرسہ جعفریہ پاراچنار میں زیر سرپرستی پیش امام مرکزی جامع مسجد شیخ فدا حسین مظاہری علمائے کرام کی ایک جامع میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ جس میں کرم کے سرکردہ اور بزرگ علماء نے شرکت کی۔
پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری نے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے میٹنگ کا ایجنڈا پیش کیا۔ علاوہ ازیں بزرگ عالم دین علامہ سید عابد حسین الحسینی، مجلس علمائے اہلبیت کے صدر علامہ سید صفدر علی شاہ نجفی، مولانا الطاف حسین، حاجی سردار حسین سیکرٹری انجمن حسینیہ، تحریک حسینی کے صدر عابد حسین جعفری نے اجلاس سے خطاب کیا۔
موجود علمائے کرام نے علامہ فدا مظاہری کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزرگ علماء خصوصاً بانی مجلس علامہ فدا مظاہری اور علامہ سید عابد الحسینی کے ہر فیصلے پر لبیک کہتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔







