دنیا

افغانستان میں افغان ہزارہ برادری کے عمائدین کا ایک بار پھرطالبان کی حمایت کا اعلان

شیعیت نیوز: افغانستان میں افغان ہزارہ برادری کے ایک ہزار سے زائد عمائدین نے طالبان حکمرانوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ مغربی حمایت یافتہ حکومتوں کا ’’ تاریک دور‘‘ اسلام پسندوں کی واپسی کے ساتھ ختم ہو گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان کی ہزارہ برادری ایک طویل عرصے سے ظلم و ستم کا شکار رہی ہے تاہم جمعرات کو برادری کے عمائدین کابل میں طالبان رہنماؤں کے ساتھ حمایت کے اظہار میں جمع ہوئے۔

اجتماع کا اہتمام کرنے والے ہزارہ برادری کے سینئر رہنما اور سابق قانون ساز جعفر مہدوی نے کہا کہ سابق افغان صدر اشرف غنی کی حکومت افغانستان کی تاریخ کا ’’ تاریک ترین دور‘‘ تھا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کوئی آزادی نہیں تھی اور (غیر ملکی) سفارت خانے حکومت کے ہر حصہ پر حکمرانی کرتے تھے، ’خدا کا شکر ہے کہ اب ہم اس تاریک دور سے گزر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہم مذاکرات کے لئے نیک نیتی کے ساتھ ویانا میں واپس آئیں گے، یورپی ٹرائکا

جعفر مہدوی نے کہا کہ اگست میں طالبان کے اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سے نئے حکمرانوں نے جنگ کا خاتمہ کیا ہے، بدعنوانی کو روکا ہے اور سکیورٹی میں اضافہ کیا ہے۔

افغان ہزارہ برادری کے عمائدین نے طالبان سے جامع حکومت کی تشکیل کا بھی مطالبہ کیا اور طالبان پر زور دیا کہ وہ لڑکیوں کے لیے اسکول دوبارہ کھولیں۔

جعفر مہدوی نے کہا کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں ہم ایک جامع حکومت دیکھنے کی امید رکھتے ہیں جس میں تمام لوگوں کے نمائندے ہوں۔

موجودہ حکومت کے بارے میں طالبان کا کہنا ہے کہ ایک عبوری حکومت ہے، تقریباً مکمل طور پر گروپ کی پشتون شخصیات پر مشتمل ہے اور اس میں کوئی خاتون شامل نہیں ہے۔طالبان رہنما اور ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اجتماع سے کہا کہ ملک کی تعمیر نو اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی حملہ آوروں کے خلاف ہمارا جہاد ختم ہو چکا ہے اور اب ہم ملک کی تعمیر کے لیے جہاد شروع کریں گے۔ سینئر ہزارہ عالم آیت اللہ واعظ زادہ بہسودی نے ملک کے تمام نسلی گروہوں کے درمیان مفاہمت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئیے ایک دوسرے کو معاف کر دیں، اگر موجودہ حکومت پائیدار بننا چاہتی ہےتو اسے تمام لوگوں کی حمایت حاصل کرنی چاہیے۔

افغان ہزارہ برادری افغانستان کی 38 کروڑ آبادی کا 10 سے 20 فیصد ہے، سنی اکثریتی ملک میں شعبہ ہزارہ طویل عرصے سے ظلم و ستم کا شکار رہے ہیں۔ اجتماع میں شریک کچھ ہزارہ رہنماؤں نے افغانستان میں داعش دہشت گرد تنظیم کی سرگرمیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button