مقبوضہ فلسطین

سعودی عرب میں قید فلسطینیوں کی رہائی کے لیے حماس کی قیادت کو یقین دہانی

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک ذمہ دار ذریعے نے کل اتوار کو بتایا ہے کہ حالیہ ایام کے دوران جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے خطے کے متعدد ممالک کی قیادت سے رابطے کیے ہیں۔ ان رابطوں میں ھنیہ نے علاقائی رہنماؤں کے سامنے سعودی عرب میں قید فلسطینیوں بالخصوص حماس کے سعودی عرب میں سابق مندوب ڈاکٹر محمد الخضری اور ان کے بیٹے پروفیسر انجینیر ھانی الخضری کا معاملہ اٹھایا۔

ایک بیان میں حماس کےذریعے نے بتایا کہ اسماعیل ھنیہ نے مصر،قطر، ترکی اور اقوام متحدہ سے رابطے کیے  ہیں۔ اس کے علاوہ بعض دوستوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی قیادت سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انطونیو گوٹیرس کو سعودی عرب میں قید فلسطینیوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے امید ظاہر کہ اقوام متحدہ سعودی عرب پر فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالے گا۔

حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے خبردار کیا کہ بعض اسیران بالخصوص جماعت کے سابق مندوب ڈاکٹر محمد الخضری کی مسلسل بگڑتی صورت حال ان کی زندگی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوڈان میں فوجی بغاوت ، وزیراعظم عبداللّٰہ حمدوک گھر میں نظر بند

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے زندانوں میں قید حماس رہ نما کی حالت تشویشناک ہے اور سعودی عرب جیسے برادر ملک کی جیلوں میں فلسطینیوں کا پابند سلاسل کیا جانا انتہائی افسوسناک ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے فلسطینی پارلیمنٹ کے ایک  سرکردہ رکن اوراسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے بزرگ رہنما الشیخ حاتم قفیشہ کو جیل سے رہا کردیا ہے۔ انہیں چھ ماہ قبل گرفتار کرکے بغیرکسی الزام انتظامی قید میں ڈال دیا تھا۔

الشیخ حاتم ابو قفیشہ کو اسرائیلی فوج نے گرفتاری کے بعد چار ماہ تک انتظامی قید میں ڈالا اور 21 جولائی 2021ء کو مزید چار ماہ  انتظامی قید کی سزا سنائی گئی۔

حاتم ابو قفیشہ کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔ اس شہرسے حماس کے تین اہم رہنماؤں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

الشیخ حاتم ابو قفیشہ مجموعی طورپر 12 سال پابند سلاسل رہ چکے ہیں۔ ان کی سب سے زیادہ قید انتظامی حراست کی شکل میں ہے۔ انہیں آخری جنوری 2016ء کو حراست میں لے کرانتظامی قید میں ڈال دیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button