امریکہ کو اقتصادی برتری ختم ہوجانے کا خدشہ

شیعیت نیوز: امریکی صدر جوبائیڈن نے دنیا میں امریکہ کی اقتصادی برتری ختم ہوجانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ریاست مشی گن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اگر ہم نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بھاری سرمایہ کاری نہ کی تو دنیا میں امریکہ کی اقتصادی برتری کا خاتمہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ طویل عرصے تک دنیا بھر میں پیش پیش رہا لیکن ہم نے اپنے ملک کے عوام پر بہت کم سرمایہ خرچ کیا ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ اس وقت ملک میں پینتالیس ہزار پل اور ایک لاکھ تہتر ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں انتہائی خراب حالت میں ہیں جو انتہائی مضحکہ خیز بات ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان اور عراق کی طویل اور بے مقصد جنگوں پر آنے والے اخراجات اور کورونا وائرس نے امریکی معیشت کی چولیں ہلا کر رکھ دیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام دشمن طاقتوں کو شکست ہوئی، آیت اللہ شیخ زکزاکی
دوسری جانب امریکہ کی خفیہ ایجنسی کے اعلیٰ حکام نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر میں موجود اپنے تمام دفاتر کو انتباہ دیا ہے کہ انکے مخبروں اور جاسوسوں کی ایک بڑی تعداد کو یا تو گرفتار کر لیا گیا ہے یا پھر انہیں جان سے مار دیا گیا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق باخبر ذرائع نے نیویارک ٹائمز کو بتایا ہے کہ جو پیغام خفیہ طور پر دنیا بھر میں سی آئی اے دفاتر تک بھیجا گیا ہے اس میں یہ بات کہی گئی ہے کہ سی آئی اے کے انسداد انٹیلی جنس مشن سینٹر نے حالیہ چند برسوں میں ایسے دسیوں موارد کے بارے میں تحقیق کی ہے جن سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کے خفیہ جاسوسی ادارے سی آئی کے بہت سے مخبر اور جاسوس یا تو مار دئے گئے یا گرفتار کر لئے گئے یا انکی حقیقت بے نقاب ہو چکی ہے۔
نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ پیغام بڑا مختصر تھا مگر اُس میں سی آئے کی حریف خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے امریکی جاسوسوں کی تعداد ذکر کی گئی تھی۔
مذکورہ امریکی روزنامے کی یہ رپورٹ اس بات کی حکایت کرتی ہے کہ پیش آنے والے واقعات کے پیش نظر سی آئی اے کو دنیا بھر میں اپنے جاسوس تعینات کرنے میں اب مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ ماہ نیویارک ٹائمز نے یہ خبر دی تھی کہ سی آئی اے ایران میں جاسوسوں اور مخبروں کا ایک نیٹ ورک بنانے کے درپے تھا مگر تہران کی انسداد جاسوسی کی نہایت مؤثر کاروائیوں کے باعث کو ناکام ہو گیا۔