بس حادثےمیں شہید تمام عزاداروں کی نماز جنازہ ادا، آہوں اورسسکیوں میں تدفین
شیعیت نیوز: بس حادثے کے شکارتمام شہید عزاداروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،نماز جنازہ میں مذہبی، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت سینکڑوں عزاداروں کی شرکت ، آہوں اورسسکیوں میں تدفین کا عمل مکمل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب نوری آباد کے علاقے میں موٹر وے M9 پر حادثے کا شکار ہونے والے بس کے تمام شہید عزاداروں کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغربین امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی میں ادا کردی گئی۔
پانچوں شہید عزاداروں کی نماز جنازہ پیش نماز مسجد خیر العمل مولانا شیخ محمد حسن کی زیر اقتداء ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، زین رضوی، مرکزی تنظیم عزاداری کے صدر ایس ایم نقی سمیت مختلف مذہبی، سیاسی وسماجی شخصیات اور سینکڑوں عزاداروں نے شرکت کی ۔
یہ بھی پڑھیں: ایک نہیں دو پاکستان : کربلا سے واپسی آنیوالے حسینیوں کے خلاف عمران حکومت کا کالا قانون نافذ
تمام شہداء کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ قبرستان وادی حسینؑ میں سپرد خاک کردیا گیا، واضح رہے کہ انچولی سوسائٹی سے چہلم امام حسین ؑ کے اجتماع میں شرکت کی عزاداروں کی بس خیر پورکیلئے روانہ ہوئی تھی ۔ جس کو9 Mموٹر وے پر نوری آباد کے علاقے میں حادثہ پیش آیا۔
اس خوفناک حادثے میں بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی، جبکہ 5عزادارموقع پر بھی شہید ہوگئے تھےباقی زخمیوں کو لمزاسپتال جامشورو منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز اور عملے کی لاپرواہی اور متعصبانہ رویئے کہ سبب 10 زخمیوں کی حالت تشویش ناک حد تک بگڑ گئی۔ بعد ازاں تمام شہداء اور زخمیوں کو کراچی کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔







