امریکہ اور چین کے درمیان نئی سرد جنگ کے آغاز کے بارے میں آنٹونیو گوتریش کا انتباہ

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوتریش نے امریکہ اور چین کے درمیان نئی سرد جنگ شروع ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوتریش نے تجارت، انٹرنیٹ اور فائنینشیل امورسمیت مختلف میدانوں میں چین اور امریکہ کے درمیان موجود اختلافات کی جانب اشارہ کرکے خبردار کیا کہ اگر یہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کی اصلاح نہیں کریں گے تو دنیا کو سرد جنگ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
گوٹریش نے امریکہ اور چین سے اپنے تعلقات پوری طرح ٹھیک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں ملکوں کو چاہئے کہ انسانی حقوق ، اقتصاد، انٹرنیٹ سیکورٹی اور بحیرہ جنوبی چین کی مالکیت کے حق جیسے مسائل پر اختلافات کے باوجود ماحولیات ، تجارت اور ٹیکنالوجی سے متعلق امور میں تعاون کریں۔
امریکہ نے چین سے مقابلے کو برسوں سے اپنی قومی سیکورٹی پالیسی کا حصہ بنا رکھا ہے یہاں تک کہ صدر بائیڈن نے اسے موجودہ صدی کا سب سے بڑا جئوپولیٹکل امتحان قراردے دیا ہے۔
واضح رہے کہ تائیوان ، انسانی حقوق اور بحیرہ جنوبی چین میں بیجنگ کی فوجی سرگرمیوں جیسے موضوعات پرامریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی پر کمپیوٹر ڈیٹا پرخوفناک سائبر حملہ
دوسری جانب اقوام متحدہ کے امن مندوب برائے مشرق وسطیٰ ٹور وینسلینڈ کل منگل کو فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں پہنچے ہیں۔ انہوں نے غزہ کا یہ دورام غرب اردن سے کیا جہاں وہ شمالی غزہ کی ایریز گذرگاہ سے داخل ہوئے۔
فلسطینی گذرگاہ اتھارٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وینسلینڈ منگل کی صبح کو غزہ کی پٹی پہنچے۔ وہ بیت حانون/ایریز گذرگاہ سے غزہ داخل ہوئے۔
اقوام متحدہ کے امن مندوب کا غزہ کی پٹی کا یہ غیراعلانیہ دورہ ہے۔ یہ معلوم نہیں کہ آیا وہ اس دورے میں غزہ کی حکمران اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی قیادت سے ملیں گےیا نہیں۔