شاہ محمود قریشی کی قومی وقارکے منافی معافی کی پیشکش،طالبان نے ذلت آمیز جواب کے ساتھ ٹھکرادی
شیعیت نیوز:شاہ محمود قریشی کی طالبان دہشت گردوں کو گھٹیا آفر،کالعدم ٹی ٹی پی نے پیشکش ٹھکرادی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو مشروط معافی کی پیشکش کو ترجمان کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے منہ پر دے مارا، شاہ محمود قریشی کی قومی وقار کے برخلاف دی گئی اس ذلت آمیز پیشکش پر معروف صحافیوں و تجزیہ نگاروں کا اظہار برہمی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چند روز قبل ایک انٹرویو میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کیلئے مشروط معافی کی پیشکش کا اعلان کیا تھا انہوںنے کہا تھا کہ اگر طالبان آئین پاکستان کو تسلیم کریں، ہتھیار ڈال دیں اور آئندہ جہاد نہ کرنے کا اعلان کریں تو انہیں معافی مل سکتی ہے، واضح رہےکہ اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی بھی اس سے ملتا جلتا بیان دے چکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 27 برس بعد قومی ایئر لائن (PIA)کی پہلی پرواز کی زائرین ِ حضرت زینب ؑ کے ساتھ دمشق میں لینڈنگ
ترجمان کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ ہم سکیولر سیاسی و فوجی قیادت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری جدوجہد کا مقصد پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے، جس کیلئے ہمارے آباؤ واجداد نے قربانیاں دیں اور چھ لاکھ نفوس نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ترجمان طالبان نے کہا کہ رہی بات معافی کی تو معافی کو غلطی پر مانگی جاتی ہے جبکہ ہمیں تو اپنی اس جدوجہد پر فخر ہے اور ہم نے کبھی بھی اپنے دشمن سے معافی نہیں مانگی بلکہ ہم شرعی حدود میں رہتے ہوئے اور سنت نبوی پر چلتے ہوئے اپنے دشمن کیلئے معافی کا اعلان اس شرط پر کرسکتے ہیں کہ وہ ملک میں شرعی نظام نافذ کرنے کا وعدہ اور ارادہ کریں، ہم کسی بھی شرط پر پاکستان کے آئین کو جس میں اسلامی اصولوں کو پس پشت ڈالا جاتا ہےجس پر حال ہی میں اسلام قبول کرنے کیلئے18سال کی عمر کو مشروط کرنا سود کی اجازت اور دیگر کئی اسلام مخالف قوانین شامل ہیں، ہم ایسے اسلام مخالف ، کفری جمہوری آئین کو تسلیم نہیں کرسکتے اور نہ اپنی اسلامی اور قبائلی روایت، اسلحے کو کبھی پھینکیں گے۔اگر پاکستان کے سکیولر جمہوری لیڈران اور فوجی وڈیرے اپنی ہٹ دھرمی اور اسلام دشمن پولیسیوں پر عمل پیرا رہے تو ان کےخلاف ہمارا مقدس جہاد جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: داعش کے ہیڈ کوارٹر لال مسجد پرتحریک طالبان کا پرچم بلند،مولوی عبدالعزیز نے پرچم کے تحفظ کیلئےاسلحہ اٹھالیا
طالبان کو معافی کی حکومتی پیشکش اور اس پر طالبان کی جانب سے دیئے گئے ردعمل پر اپنے معروف دفاعی تجزیہ نگار زید زمان حامد نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایک کمزور حکومت کی گھٹیا آفر کے جواب میں، دہشت گرد خوارج نے اس کو ذلیل کر کے رکھ دیا۔۔۔۔ بلکہ نظریہ پاکستان کے ہی ٹھیکیدار بن بیٹھے اور پوری تحریک پاکستان کی شہادتوں کی ہی ملکیت خود لے لی۔جہنم کے کتوں کو بھی ہمت ہو گئی ہے کہ پاکستان اور اس کی روحانی نظریات کو اغوا کریں۔
واضح رہے کہ طالبان دہشت گردوں نے گذشتہ 30 سالوں میں وطن عزیز میں 70 ہزار سے زائد شیعہ سنی بےگناہ شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو بہیمانہ انداز میں قتل وغارت گری کا نشانہ بنایا ان کے پسماندگان آج بھی ریاست سے انصاف کے منتظر ہیں ایسے قاتلوں کو وارثان شہداء کی مرضی کےخلاف معافی کی پیشکش ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔







