مقبوضہ فلسطین

اسلامی استقامتی تحریک حماس کا اسرائیل کو انتباہ

شیعیت نیوز: اسلامی استقامتی تحریک حماس نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ غزہ کے محاصرے اور اس علاقے میں انسانی بحران میں پیدا ہونے والی شدت کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری صیہونی حکومت پر عائد ہوگی۔

استقامتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اپنے بیان میں صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ غزہ کے حوالے سے اسرائیل کے جارحانہ عزائم پورے خطے کو کشیدگی اور جنگ کی جانب دھکیل رہے ہیں۔فوزی برہوم نے کہا کہ فلسطین کے عوام کسی بھی صورت میں اسرائیل کی غاصبانہ پالیسیوں اور اپنے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام اپنے حقوق کی بازیابی کے لیے استقامت کے راستے سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹائیں گے۔حماس کے ترجمان نے تمام فریقوں کو اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے اور غزہ کا ظالمانہ محاصرہ ختم کرانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کی ۔

فوزی برہوم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اگر غزہ کے عوام عزت و سربلندی کی زندگی سے محروم رہے تو غاصب صیہونیوں کو چین کی زندگی نصیب نہیں ہوگی۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ اتوار کی صبح غزہ پر فضائی جارحیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ڈرون طیاروں نے مرکزی غزہ کے علاقے صلاح الدین کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج کا اسکول جانے والے فلسطینی بچوں پر وحشیانہ تشدد ، متعدد زخمی

فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب نے صلاح الدین پر اسرائیلی فضائی جارحیت کی تصدیق کی ہے۔صیہونی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ غزہ پر یہ حملہ مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی سرحدوں پر واقع صیہونی بستیوں کے قریب فلسطینوں کے مظاہروں کے جواب میں کیا گیا ہے۔

فلسطینی نوجوانوں نے ہفتے کے روز ایک بار پھر غزہ کے محاصرے اور مالی امداد کی ترسیل میں ڈالی جانے والی رکاوٹوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے، صیہونی علاقوں کی جانب آتشی غبارے چھوڑے تھے۔فلسطینی نوجوان غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، سرحدی گزرگاہیں کھولے جانے اور قطر کی جانب سے دی جانے امداد کی ترسیل میں اسرائیل کی طرف سے کھڑی کی جانے والی رکاٹیں دور کیے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

فلسطینی نوجوانوں نے اس سے پہلے خبر دار کیا تھا کہ غزہ کا محاصرہ جاری رہا تو غاصب صیہونیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے لئے جنہم کے دروازے کھول دیئے جائیں گے۔

اس اعلان کی بنیاد پر ، غزہ کے صیہونی علاقوں کی جانب آتشی غبار ے چھوڑنے کا سلسلہ آج اتوار کے روز ایک بار پھر پوری شدت کے ساتھ شروع کردیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button