چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ وسچ ٹی وی علامہ افتخار حسین نقوی کی آیت اللہ بشیر نجفی سے نجف اشرف میں ملاقات
شیعیت نیوز: اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن،امام خمینی ٹرسٹ و سچ ٹی وی کے سرپرست اعلیٰ، الفجر یونیورسٹی کے مؤسس اور مدرسہ امام خمینی کے پرنسپل علامہ افتخار حسین نقوی نجفی نے مرجع عالی قدر آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں مرجع عالی قدرنے فرمایا کہ اخلاق پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کر کے لوگوں کو اسلام کی طرف مائل کیا جائے اور دنیا کے سامنے کردار سے اسلام کا روشن چہرہ پیش کیا جائے،جیسا کہ اس سلسلے میں آپ اور آپ جیسے علماء اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: منگوپیرمیں شرکائے جلوس عاشورا پر حملہ، شیعہ علماء واکابرین نے ملکی سلامتی واستحکام کی خاطر بڑا کام کردیا
دوسری جانب علامہ سید افتخار حسین نقوی نے میراث اور طلاق کے حوالے سے قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے بل کے متعلق تفصیلات بھی بیان فرمائیں۔اس بل کو پیش کرنے، اس کی متابعت کرنے اور اس راہ میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے کے حوالے سے اپنی خدمات کو بھی بیان فرمایا۔
مزید برآں علامہ سید افتخار حسین نقوی نے الفجر یونیورسٹی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کو آگاہ فرمایا۔جس پر مرجع عالی قدر نے آپ کی تمام تر کاوشوں کو سراہتے ہوئے آپ کی مزید توفیقات خیر کے اضافے کے لیے اور آپ کی صحت کے لیے دعا فرمائی۔
آخر میں علامہ سید افتخار حسین نقوی نجفی نے قیمتی وقت دینے پر مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔







