اسرائیل اور اس کے حامیوں کی شکست یقینی ہے، عبدالملک بدرالدین الحوثی

شیعیت نیوز: یمن کی قومی حکومت کے نگران اعلی اور عوامی تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے حامیوں کو حتمی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محرم الحرام کے آغاز کے موقع پر اپنے خطاب میں انصار اللہ کے سربراہ اور یمن کی قومی حکومت کے نگران اعلی سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ وعدہ الہی کی رو سے ، اسرائیل، اس کے دوستوں اور اس کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والوں کی شکست یقینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ صیہونی دشمن کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والے صیہونی دشمن کو کلین چیٹ اور استقامی محاذ کی سرزنش کر رہے ہیں۔
یمن کی قومی حکومت کے نگران اعلی نے غزہ کی حالیہ جنگ میں صیہونی حکومت کی شکست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سیف القدس نے امت مسلمہ کو ایک بار پھر سربلند اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات عادی بنانے والوں کو رسوا کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عزاداری امام حسین (ع) ایک عظیم نعمت الٰہی ہے، سید حسن نصر اللہ
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے سعودی عدالتوں کی جانب سے بعض فلسطینیوں کو سنائی جانے والی سزاؤں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بار پھر اغوا کرکے قیدی بنائے جانے والے فلسطینی شہریوں کے خلاف سعودی عدالتوں کے ظالمانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر یمنی فوج کی قید میں موجود سعودی فوجی افسران کا سعودی عرب میں بند فلسطینیوں کے ساتھ تبادلہ کرنے کی پیشکش کا اعادہ بھی کیا۔
دوسری جانب یمنی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب الحدیدہ صوبے میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔
المسیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق تازہ ترین اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی جارح اتحاد یمن کے الحدیدہ صوبے میں جنگ بندی کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودیوں نے الحدیدہ جنگ بندی کی 189 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے،چینل نے کہا کہ سعودی عرب نہ صرف الحدیدہ صوبے کو بڑے پیمانے پر فضائی حملوں سے نشانہ بنا رہا ہے بلکہ اس کے جاسوس طیارے بھی اس صوبے پر مسلسل پرواز کر رہے ہیں۔
الحدیدہ صوبے کے علاوہ سعودیوں نے دوسرے صوبوں میں بھی اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور تازہ ترین صورت حال میں انہوں نے سب سے بھاری فضائی حملوں میں بار بار صعدہ اور مآرب صوبوں کو نشانہ بنایا ہے۔