ایرانی سفیر اور سرگودھا چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات، اہم تجارتی امور پر بات چیت
سرگودھا چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے ایرانی سفیر کو دعوت دی کہ وہ سرگودھا شہر میں تاجر برادری سے ملاقات کریں

شیعیت نیوز : ایرانی سفیرسید محمد علی حسینی نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تازہ ترین پیش رفت ، اقتصادی ، تجارت اور ٹرانزٹ کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور ایران اور پاکستان کے درمیان برآمدات اور درآمدات کو بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاکستانی وفد اور ایرانی سفیر نے دونوں ممالک کی نجی کمپنیوں، کاروباری اداروں اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعلقات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان ایران کے ساتھ ثقافتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کو پرعزم ہے، چیئرمین سینیٹ
اس میٹنگ میں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خواتین نمائندہ بھی موجود تھیں اور دونوں ممالک میں تجارت اور صنعت کے تعلقات کے فروغ کے لیے خواتین کی موجودگی کے ساتھ اس طرح کی نشستوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سرگودھا چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کو بھی دعوت دی کہ وہ سرگودھا شہر میں تاجر برادری سے ملاقات کریں ۔
حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے ایرانی سفیر سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے ، چابہار اور گوادر کی بندرگاہوں میں ٹرانزٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔